02:40    , جمعرات   ,   21    نومبر   ,   2024

نظمیں

شاہین اقبال اثرؔ - بچوں کے ترانے

741 0 0 00

اسلام کے احکام بتائیں مری امی

اغیار کے فیشن سے بچائیں مری امی

 

ہرگز نہ قضا فجر کی مجھ سے ہو جماعت

یوں مجھ کو علیٰ الصبح جگائیں مری امی

 

افسانہ و قصہ نہ کہانی نہ ہی لوری

قرآن و احادیث سنائیں مری امی

 

اخلاق سے کردار سے اور پیار سے مجھ کو

پابند نمازوں کا بنائیں مری امی

 

قرآن کی تجوید سے ہو جاؤں جو فارغ

پھر یاد کراتی ہیں دعائیں مری امی

 

سرکارِ دوعالمﷺ سے محبت کا سبق دیں

سنت کے طریقے بھی سکھائیں مری امی

 

میں حافظ و عالم بھی بنوں عارفِ حق بھی

دیتی ہیں بہر روز دعائیں مری امی

 

کھیلوں کی اجازت ہے مگر عصر تا مغرب

اوقات گنوانے سے بچائیں مری امی

 

رکھتی ہیں معاصی کی بلاؤں سے مجھے دور

لیتی ہیں مگر میری بلائیں مری امی

 

ممکن ہی نہیں بچے بگڑ جائیں ذرا بھی

سب آپ کی جیسی ہوں جو مائیں مری امی

0.0 " 0 "ووٹ وصول ہوئے۔ 

تبصرہ تحریر کریں۔:

اِس تحریر پر کوئی تبصرہ موجود نہیں۔

سرفراز صدیقی سوشل میڈیا پر

منجانب:سرفراز صدیقی۔ صفحات کو بنانے والے: زبیر ذیشان ۔