12:19    , اتوار   ,   19    مئی   ,   2024

طنز و مزاح

2148 0 0 00

حسرت ان غنچوں پہ ہے - عائشہ مزمل

حسرت ان غنچوں پہ ہے

یارو.... دلدارو !

کوئی تو میرے " درد کی دوا" کرو ؟ کوئی تو بتائے میں کیسے ڈائیٹنگ کروں؟

جب بھی کوشش کروں ایک نئی ہی کہانی بن جاتی ہے۔ لو اب سنو، میری داستان امیر حمزہ۔۔۔۔۔

آہا جی " 12 اپریل"۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ بڑی ڈراؤنی تاریخ تھی کہ اس دن سے ڈائیٹنگ کا دوسرا سیشن شروع ہونا تھا۔ جبکہ میں نے پہلا سیشن بھی اسی "دوسرے " کے انتظار میں چھوڑ دیا تھا۔

روزانہ کیلینڈر دیکھتی اور سوچتی کہ اف صرف "10 دن" باقی رہ گئے ، جو کھانا ہے جلدی جلدی کھا لوں "کیک پزا، حلوہ، گلاب جامن " پھر تو دو ہفتے کی ڈائیٹ ہی ہو گی۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یم یم صرف دو ھفتے کی ڈائٹ اور پھر میرا "5 کلو وزن " کم۔۔۔ (واہ واہ

میں نے خود کو تصور میں کسی ماڈل کی طرح کیٹ واک کرتے پایا ہی تھا کہ اچانک پیر لڑکھڑا گیا اور میں ڈائٹ کی تلخ دنیا میں واپس پلٹ آئی)

جیو کائنات، واہ میرا دیرینہ خواب پورا ہونے میں کچھ دن ہی باقی ہیں۔ چلو اپنا وزن تو چیک کر لوں پہلے کہ کتنا ہے ؟ اوہو 63 کلو توبہ توبہ۔۔۔۔۔!

کوئی بات اب ان شا اللہ میں اس کو صرف دو ہفتے میں 58 پر لے تو آؤں گی۔

شائد میرے ساتھ بھی کوئی آمنہ یا جیا جیسا معجزہ ہو جائے اور میں بھی 15 پاؤنڈ لوز کر لوں۔۔۔۔۔۔ آہا پھر تو" پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاھی میں"۔۔۔!

(لا حول۔ ۔۔۔۔۔۔اوہو محاورے بھی وزن بڑھانے والے ہی یاد آتے ہیں۔)

ہاں جی آپ سمجھ گیے ہوں گے کی میں کس کی بات کر رہی ہوں ؟

جی یہ میں ہی ہوں۔ ۔۔۔۔

نام۔ ۔۔۔۔۔۔ مس نزاکت

عمر۔۔۔۔۔۔ (آہم) 16 سال اور "چند ماہ"

قد۔۔۔۔۔۔۔۔۔(آہم) 4 فٹ سے بھی اونچا

وزن۔ ۔۔۔۔۔ اور یہاں آ کر بس آہ بھر کر رہ جاتی ہوں۔

کائنات نے ہم جیسے "ذرا سے ہیلتھی" (بقول ساحرہ کے ) لوگوں کو ایک خواب دکھایا، جسکی تعبیر کئی ممبران نے پا لی۔ اور ہم جیسے صرف آہیں بھرتے رہ گئے۔ ۔

میں نے پہلی بار حسرت سے دیکھا اور شامل نہ ہوئی۔ ڈایٹنگ کے نام سے ہی میری روح فنا ہو جاتی ہے۔ ۔۔ جھرجھری سی آتی ہے۔ ۔۔۔

لیکن سب کا اتنا اچھا رزلٹ دیکھ کر میں نے ہمت پکڑی، میاں جی سے کہا اس بار میں ضرور ڈائٹنگ کروں گی، آخر روزہ بھی تو رکھتی ہوں نہ۔ ۔۔۔اس ڈائٹ میں تو کھانا بھی ٹھیک ٹھاک ہے۔

بس جی اللہ کا نام لے کر میں سب سے پہلے نام لکھوانے والوں میں میں بھی شامل ہو گئی۔ اب خوشی خوشی روز ویٹ کرتی کہ کب 12 اپریل آئے گی اور میں جادو سے اسمارٹ ہو جاؤں گی۔ ۔۔ میں نے ہفتے کو ہی ساری گروسری کر لی تھی میاں سے کہا بہت سارا پھل لے آنا۔

آخر وہ شہکار آ گیا جسکا تھا انتظار"۔۔۔۔۔۔۔"12 اپریل" کا سورج طلوع ہوا میں نے خوشی خوشی میاں کو 2 انڈے 4 سلائس چائے کا ناشتہ دیا اور خود "کالی ،پتلی، بھجنگ چائے اور سوکھا توس " لیا اور کھا پی لیا۔ بچے اٹھے ان کو ناشتہ دیا۔

11 بج گئے ، میں خوش تھی کہ ڈائٹنگ بہت اچھی جا رہی ہے۔ ایک سیب کھایا پانی پیا۔

1 بجے بڑے اہتمام سے اپنے لئے دال مونگ بنائی (زیادہ بنائی کہ کل پرسوں بھی کام آجائے گی) پیالہ بھر کہ سلاد بنایا (کہ جب دل کیا کھا لوں گی آخر سب کی آزمودہ ٹپس تھیں) بہت "شوق"سے تناول فرمایا۔

سب کچھ ٹھیک جا رہا تھا لیکن خوشیوں کو اپنی ہی نظر بھی لگ جاتی ہے کبھی کبھی۔۔۔۔۔

بچوں کو پراٹھا بنا کر دیا لیکن ان کے "مزاج پہ پورا نہ اترا"، سوچا چکھوں تو "بس پھر کیا۔۔۔؟ وہ میرے "معدے " میں چپکے سے اتر گیا اور مجھے پتہ بھی نہ چلا۔۔۔۔

شام کو کچھ مہمان آئے۔ میں نے معذرت کی کہ میں تو ڈائیٹ پہ ہوں ساتھ نہیں دے سکتی۔ خیر جی انہوں نے میری ہمت کی بہت داد دی اور کھا پی کے چلے گئے۔

میں کھانا جلدی کھاتی ہوں تو سوچا تھوڑی سی بغیر آئل کے گریوی بنا لیتی ہوں تو بڑے "پریم اور چاؤ" سے پکایا اور مزے سے کھایا اور سوچا " واہ یہ تو میں روز کھا سکتی ہوں"۔

بڑے بیٹے نے آلو والے پراٹھے کی فرمائش کی۔ ۔۔ بڑا کرسپی گولڈن سا تھا۔ "ایک بائٹ" ھی لی تھی بس "لیکن آہم۔ ۔۔ اس کے بعد صبر نہ ہو سکا اور۔۔۔۔۔

رات کو میاں کے لئے آلو گوشت بنایا۔ ۔ نئی ترکیب تھی۔ بالکل دیگ جیسا ٹیسٹ آئے گا۔ تو "بس" یہ دیکھنے کے لئے کہ دیگ جیسا ذائقہ کیسا ہوتا ہے "چکھتے چکھتے "۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مزید آدھی۔ ۔۔ روٹی۔۔۔۔۔۔۔۔"آہم آہم "۔۔۔۔۔۔باقی۔۔۔ اب اپنے منہ سے کیا تعریف کروں اپنی۔۔۔۔۔۔۔ "آپ لوگ خود سمجھدار ہیں "کہ وہ آدھی روٹی کہاں گئی؟

شام کو میاں گھر آئے چائے کی فرمائش ہوئی، میں بھی شوق سے پیتی ہوں۔ تو چائے کے ساتھ ان کو اپنی ڈائٹنگ کا حال سنایا۔ اور کہا کہ میں آج تو نہیں کر سکی میرا خیال ہے کل یہی پہلا دن دوبارہ شروع کروں گی۔ ۔۔۔۔۔

یہی عزم لے کر سو گئی۔۔۔۔ صبح ہوئی ناشتہ ٹھیک کیا، آج پکا ارادہ تھا کہ کوئی غلطی نہیں کروں گی۔ ۔۔۔ درس کا دن تھا، میں نے سوچا وائیٹ سوس کے ساتھ پاسٹا بنا لیتی ہوں۔ تو کام شروع کیا۔ ۔۔۔ سب کچھ ٹھیک جا رہا تھا۔ ۔۔۔

ذرا نمک تو "چکھ" لوں۔ ۔۔ کہیں وائٹ سوس کا "ٹیسٹ عجیب تو نہیں " بن رہا کہتے کہتے بلکہ چکھتے چکھتے ایک پیالی پاسٹا۔۔۔ بھی۔ ۔ کھا گئی۔

بس جی۔ ۔۔۔

"اب کوئی بتلائے کہ ہم بتلائیں کیا"۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔؟

باقی "آپ لوگ خود سمجھدار ہیں"۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اب میں آگے ڈائٹنگ کروں؟۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یا یہ تکلف رہنے ہی دوں؟ "

٭٭٭

0.0 " 0 "ووٹ وصول ہوئے۔ 

تبصرہ تحریر کریں۔:

اِس تحریر پر کوئی تبصرہ موجود نہیں۔

سرفراز صدیقی سوشل میڈیا پر

منجانب:سرفراز صدیقی۔ صفحات کو بنانے والے: زبیر ذیشان ۔