نام ہے ان کا پیارے پپو
اول درجے کے ہیں گپو
گال ہیں ان کے گورے گورے
جیسے چاندی کے ہوں کٹورے
آنکھیں روشن اور چمکیلی
ناک ہے ان کی کچھ نوکیلی
چہرہ ان کا بھولا بھالا
نکھری نکھری رنگت والا
چوہے کے سے کان ہیں ان کے
شوق سے ہیں یہ پان بھی کھاتے
اکثر کرتے ہیں چالاکی
اور سبوں سے ہے بے باک
ٹھمک ٹھمک کر چلتے ہیں یہ
بسکٹ کھا کر پلتے ہیں یہ
سب کا جی بہلاتے ہیں یہ
ہر اک دل کو بھاتے ہیں یہ
بھوک لگے تو یہ روتے ہیں
”ددّو“ پی کر خوش ہوتے ہیں
پیٹ بھرے تو سو جاتے ہیں
اندھیارے سے گھبراتے ہیں
ان کو دودھ ملے پیالی میں
ننھی موٹر سے یہ کھیلیں
بسکٹ کو ”بٹ، ٹٹ“ کہتے ہیں
ابو جی سے خوش رہتے ہیں
خربوزے ہیں شوق سے کھاتے
چلغوزے ہیں بے حد بھاتے
خالہ بلی سے ڈرتے ہیں
تتلا کر باتیں کرتے ہیں
باتیں پیاری پیاری ان کی
پھول نے ان پر نظم ہے کہہ دی