02:54    , جمعرات   ,   21    نومبر   ,   2024

مومن خان مومن کی شاعری

1590 1 0 00

اثر اس کو ذرا نہیں ہوتا

رنج راحت فزا نہیں ہوتا

بے وفا کہنے کی شکایت ہے

تو بھی وعدہ وفا نہیں ہوتا

ذکرِ اغیار سے ہوا معلوم

حرفَ ناصح برا نہیں ہوتا

کس کو ہے ذوقَ تلخ کامی لیک

جنگ بن کچھ مزا نہیں ہوتا

تم ہمارے کسی طرح نہ ہوئے

ورنہ دنیا میں کیا نہیں ہوتا

اس نے کیا جانے کیا کیا لے کر

دل کسی کام کا نہیں ہوتا

امتحاں کیجیے مرا جب تک

شوق زور آزما نہیں ہوتا

ایک دشمن کہ چرخ ہے نہ رہے

تجھ سے یہ اے دعا نہیں ہوتا

آہ طولِ امل ہے روز افزوں

گرچہ اِک مدعا نہیں ہوتا

نارسائی سے دم رکے تو رکے

میں کسی سے خفا نہیں ہوتا

تم مرے پاس ہوتے ہو گویا

جب کوئی دوسرا نہیں ہوتا

حالِ دل یار کو لکھوں کیوں کر

ہاتھ دل سے جدا نہیں ہوتا 

رحم کر خصم، جانِ غیر نہ ہو

سب کا دل ایک سا نہیں ہوتا

دامن اس کا جو ہے دراز تو ہو

دستِ عاشق، رسا نہیں ہوتا

چارہ دل سوائے صبر نہیں

سو تمھارے سوا نہیں ہوتا

صبر تھا اک مونس ہجراں

سو وہ مدت سے اب نہیں ہوتا

کیوں سنے عرض مضطر اے مومن 

صنم آخر خدا نہیں ہوتا

0.0 " 0 "ووٹ وصول ہوئے۔ 

تبصرہ تحریر کریں۔:

اِس تحریر پر کوئی تبصرہ موجود نہیں۔

سرفراز صدیقی سوشل میڈیا پر

منجانب:سرفراز صدیقی۔ صفحات کو بنانے والے: زبیر ذیشان ۔