02:39    , جمعرات   ,   21    نومبر   ,   2024

نصیر الدین نصیر کا تعارف

( 2009 )

13 Feb 2009
پیر نصیر الدین نصیر چشتی ایک شاعر ،ادیب ،محقق ،خطیب ،عالم اور صوفی باصفا و پیر سلسلہ چشتيہ تھے۔ آپ اردو، فارسی اور پنجابی زبان کے شاعر تھے۔ اس کے علاوه عربی، ہندی، پوربی اور سرائیکی زبانوں میں بھی شعر کہے۔ اسی وجہ سے انہین "شاعر ہفت زبان" کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
آپ پیر غلام معین الدین (المعروف بڑے لالہ جی) کے فرزند ارجمند اور پير مہر علی شاہ کے پڑپوتے تھے۔ آپ کی ولادت 14 نومبر 1949ء میں گولڑه شریف میں ہوئی۔ آپ گولڑہ شریف کی درگاہ کے سجادہ نشین تھے۔ پیر صاحب کا انتقال 13 فروری 2009ء کو ہوا آپ کا مزار گولڑه شریف میں مرجع خلائق ہے۔

پیر سید نصیرالدین نصیر نے متعدد کتب تصنیف کی ہیں جن کے مطالعے سے دل ودماغ کے دریچے کھلتے چلے جاتے ہیں اور روح کو دائمی سرشاری نصیب ہوتی ہے۔ آپ کی مختلف شعری اور نثری تخلیقات میں آغوشِ حیرت، پیمانِ شب، دیں ہمہ اُوست، امام ابوحنیفہؒ اور ان کا طرزِ استدلال ، نام ونسب، فیضِ نسبت، رنگ نظام ، عرش ناز، راہ ورسم منزل ہا، اعانت واستعانت کی شرعی حیثیت، لفظ اللہ کی تحقیق، آئینہ شریعت میں پیری مریدی کی حیثیت، پیرانِ پیر کی شخصیت، سیرت او رتعلیمات، الجواہر التوحید یہ فی تعلیماتِ غوثیہ، لطمۃ الغیب علی الازالتہُ الریب، کیا ابلیس عالم تھا؟ موازنہ علم وکرامت اور اسلام میں شاعری کی حیثیت خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ پیر صاحب قادر الکلام شاعر تھے اور شاعری کی جملہ اصناف سخن میں آپ کو فی البدیہہ شعر کہنے کا ملکہ حاصل تھا۔ حمد، نعت، منقبت، قصیدہ، مرثیہ، غزل، رباعی اور دیگر اصناف، نظم پر آپ کو دسترس تھی۔ سات زبانوں میں شاعری پر عبور حاصل تھا جس کی وجہ سے ’’شاعرِ ہفت زبان‘‘ مشہور تھے۔ زبانوں پر مہارت کا یہ عالم تھا کہ پہلی دفعہ عربی اور فارسی ادب کو ’’ماہیا‘‘ کی صنف سے روشناس کروایا۔ ممتاز نقاد ڈاکٹر توصیف تبسم خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’برصغیر میں اب جبکہ فارسی کا رواج کم سے کم تر ہوتا جا رہا ہے فارسی میں شعر لکھنے والے تو کیا فارسی شعر کو سمجھنے اور اس سے لطف اندوز ہونیوالے بھی کمیاب ہیں، پیر نصیرالدین نصیر کا دم غنیمت ہے۔ وہ فارسی میں غزل اور بالخصوص رباعی کے جس مقام پر فائز ہیں اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اگر ان کا فارسی کلام فارسی کے معروف کلاسیکل اساتذہ سخن کے کلام میں ملادیا جائے تو اس کو پہچاننا اور الگ کرنا دشوار ہوگا‘‘۔

سرفراز صدیقی سوشل میڈیا پر

منجانب:سرفراز صدیقی۔ صفحات کو بنانے والے: زبیر ذیشان ۔