07:36    , اتوار   ,   05    مئی   ,   2024

حکایات سعدی و رومی

2546 4 0 15

دستار فقیہ - حکایات رومی

ایک دفعہ کسی فقیہ نے بہت سے چیتھڑے دھوئے اور پاک صاف کرکے انہیں اپنے سر پر عمامے کے نیچے باندھ لیا تاکہ جب وہ کسی اعلیٰ محفل میں ادنیٰ مقام پر بیٹھے تو عمامہ وزنی دکھائی دے اور لوگ سمجھیں کہ بڑا عالم فاضل ہے بلاشبہ ان حقیر اور بے قیمت دھجیوں سے دستار کا وزن دگنا تگنا ضرور ہوگیا، لیکن قلب منافق کی طرف وہ اندر سے ذلیل اور کم حیثیت تھی، فقیروں کی گدڑیوں کے ٹکڑے بوسیدہ اور سڑی ہوئی روئی گائے اور گدا گروں کی پوستین کی دھجیاں اس عمامے کی بنیاد تھیں وہ فقیہ یہ وزنی عمامہ سر پر باندھ کر اگلے روز منہ اندھیرے مدرسے میں پہنچا کہ اس وزنی دستار سے جِسے عزت و عظمت کا سبب خیال کرتا تھا کچھ حاصل کرے، دور سے ایک چورنے تاڑا کہ ایک قیمتی دستار والا چلا آتا ہے جوں ہی وہ فقیہ نزدیک آیا اُچکے نے جھپٹ کر دستار سر سے اُتارلی تاکہ اسے بازار میں بیچ کر ٹکے کھرے کرے۔ فقیہ نے اُسے آواز دی کہ ارے بھائی! یہ دستار کدھر لیے جاتا ہے اور کس دھوکے میں ہے؟ ذرا اسے کھول کر بھی دیکھ لے اس کے بعد جی چاہے تو بڑے شوق سے لے جائیو میں نے تجھے عطا کی۔ فقیہ کی یہ آواز سن کر اُچکے نے دوڑتے دورتے وہ وزنی دستار کھولی اس کے پر پیچ خم کھولتا جاتا تھا اور اس میںسے رنگ برنگ چیتھڑے اور دھجیاں نکل نکل کر زمین پر گرتی جاتی تھیں، یہاں تک کہ اُچکے کے ہاتھ میں ہاتھ بھر کا بوسیدہ کپڑا رہ گیا اُس نے جھلا کر اسے بھی زمین پر پھینکا اور کہنے لگا۔ اے او ہلکے شخص تو نے اس دغابازی سے خواہ مخواہ میری محنت برباد کی یہ کیا مکر تھا کہ ایسی عمدہ دستار بنا کر مجھے اس پر ہاتھ ڈالنے اور اُڑالے جانے کا لالچ دیا؟ تجھے ذرا حیا نہ آئی ایسا مکرتے ہوئے مجھے بیٹھے بٹھائے ایک گناہ بے لذت میں مبتلا کردیا۔ فقیہ نے جواب دیا تو سچ کہتا ہے بے شک میں نے دھوکا دیا لیکن یہ سوچ کہ بطور نصیحت تجھے آگاہ بھی کردیا تھا کہ لے جانے سے پہلے اسے کھول کر دیکھ لے اب مجھے لعنت ملامت کرنے سے فائدہ! کچھ میرا قصور ہو تو بتا: اے عزیز! فقیہ کی اس وزنی اور بظاہر قیمتی دستار کی طرح یہ دنیا بھی بڑی بھاری اور بیش قیمت نظر آتی ہے مگر اس کے اندر جو عیب پوشیدہ ہے اس کا بھی اس نے سب پر اظہار کردیا ہے اور سب سے کہہ دیا ہے کہ اسے اچھی طرح جانچ اور پھنک کر دیکھ لو بعد میں گلہ شکوہ نہ کرنا۔ اے عزیز‘ بہاروں کی دل فریبی اور نرماہٹ پر زیادہ مت اچھل خزاں کی سردی اور زردی بھی دھیان میں رکھ۔

5.0 "4"ووٹ وصول ہوئے۔ 

تبصرہ تحریر کریں۔:

براہ راست 1 تبصرہ

ایم ابوبکر مدیر ڈیلی حالات نیوز
بہت اچھا سلسلہ ہے۔ اللہ ؔپ کی کوششوں کو سلامت رکھے ؔامین

سرفراز صدیقی سوشل میڈیا پر

منجانب:سرفراز صدیقی۔ صفحات کو بنانے والے: زبیر ذیشان ۔