02:40    , جمعرات   ,   21    نومبر   ,   2024

نظمیں

شاہین اقبال اثرؔ - جانوروں سےمتعلق کی نظمیں

1011 0 0 00

دیکھ کر ’’آقاؤں‘‘ کو شرمائے ہے

سر غلاموں کی طرح جھک جائے ہے

ہر ادا سے ظلم ہم پر ڈھائے ہے

کس قدر پیاری ہماری گائے ہے

 

مہرباں ہے خود ہی اپنی ذات پر

رہنماؤں کی طرح ہر بات پر

آنکھ سے آنسو مگر برسائے ہے

کس قدر پیاری ہماری گائے ہے

 

پیٹ بھر کر کھائے ہے اچھی طرح

ہاں مگر حزبِ مخالف کی طرح

ہر نفس مظلومیت دکھلائے ہے

کس قدر پیاری ہماری گائے ہے

 

غصہ محسن پر اتارے ہے مگر

دوستوں کو لات مارے ہے مگر

گیت امن و آشتی کے گائے ہے

کس قدر پیاری ہماری گائے ہے

 

جسم تو ہے پہلوانوں کی طرح

دل مگر ہے ناتوانوں کی طرح

دھمکیوں سے دھونس سے گھبرائے ہے

کس قدر پیاری ہماری گائے ہے

 

گو پلے سرکار کی امداد پر

سر جھکائے آرڈرِ صیاد پر

اپنی خود داری مگر جتلائے ہے

کس قدر پیاری ہماری گائے ہے

 

جان اپنی اس طرح قربان کی

جس طرح پبلک ہے پاکستان کی

واقعی اللہ میاں کی گائے ہے

کس قدر پیاری ہماری گائے ہے

0.0 " 0 "ووٹ وصول ہوئے۔ 

تبصرہ تحریر کریں۔:

اِس تحریر پر کوئی تبصرہ موجود نہیں۔

سرفراز صدیقی سوشل میڈیا پر

منجانب:سرفراز صدیقی۔ صفحات کو بنانے والے: زبیر ذیشان ۔