02:34    , جمعرات   ,   21    نومبر   ,   2024

نظمیں

شاہین اقبال اثرؔ - جانوروں سےمتعلق کی نظمیں

962 0 0 00

پیش جب منے میاں نے گھر میں اپنی رائے کی

ابو ابو ہم بھی قربانی کریں گے گائے کی

 

جونہی ابو نے سنی یہ رائے فورا ہائے کی

اس قدر مہنگائی میں قربانی وہ بھی گائے کی

اس کی خاطر تو ہمیں گھر بیچنا پڑ جائے گا

گھر کرائے کا ہمیں پھر دیکھنا پڑ جائے گا

پھر کہا منے نے ابو دل بڑا کر لیجئے

آپ قربانی کا پہلے حوصلہ کر لیجئے

اس عبادت کو نہیں ہرگز قضا کر لیجئے

سورۂ بقرا کو پڑھ کر ہی دعا کر لیجئے

حق تعالیٰ آپ کو بھی دیں گے وسعت گائے کی

جمع ہو جائے گی آسانی سے قیمت گائے کی

 

گائے کے آنے سے گھر بھر میں خوشی آ جائے گی

غم کی تاریکی چھٹے گی روشنی آ جائے گی

بند ہو گا رونا، ہونٹوں پر ہنسی آ جائے گی

سچ بتاؤں زندگی میں زندگی آ جائے گی

دوستوں کے ساتھ مل کر گائے کو ٹہلائیں گے

باوجودِ موسمِ سرما اسے نہلائیں گے

 

وقف ہو جائیں گے ہم گائے کی خدمت کے لئے

رات بھر جاگیں گے ہم اس کی حفاظت کے لئے

سہرا پہنائیں گے اس کے رخ پہ زینت کے لئے

آئیں گے احباب گائے کی زیارت کے لئے

گائے کی تعریف میں مل کر قصیدے گائیں گے

عید کے دن کر کے قربانی اسی کو کھائیں گے

 

جانبِ قربان گاہ لے جائیں گے اعزاز سے

سوئے مقتل وہ روانہ ہو گی اس انداز سے

خوفِ نیزہ کو گرا دے گی نگاہِ ناز سے

منہ کو آئیں گے کلیجے اس کے سوز و ساز سے

اپنے مالک کی رضا پر جان سے جائے گی وہ

یوں خدا پر جان دینا ہم کو سکھلائے گی وہ

0.0 " 0 "ووٹ وصول ہوئے۔ 

تبصرہ تحریر کریں۔:

اِس تحریر پر کوئی تبصرہ موجود نہیں۔

سرفراز صدیقی سوشل میڈیا پر

منجانب:سرفراز صدیقی۔ صفحات کو بنانے والے: زبیر ذیشان ۔