02:17    , اتوار   ,   19    مئی   ,   2024

طنز و مزاح

1807 0 0 00

یک سکول کی آنسرنگ مشین - آمنہ احمد

یک سکول کی آنسرنگ مشین

ہائی سکولوں کے طلباء کی غیر حاضری سے تنگ آ کر یہ طریقہ کار نافذ کیا گیا کہ اگر کوئی طالب علم ایک سمسٹر میں پندرہ سے تیس دن غیر حاضر ہو گا اور غیر حاضری میں کیا گیا کام مکمل نہیں کرے گا تو وہ اگلے سمسٹر یا جماعت میں نہیں جاسکے گا۔

جب سے یہ بات نافذالعمل ہوئی تھی، والدین غصے سے آپے سے باہر ہو رہے تھے اور اساتذہ اور پرنسپل کو والدین کی طرف سے فون اور ای میلز کے ذریعے مقدموں کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ ساری دنیا کی طرح امریکی اساتذہ بھی بے بسی کی منہ بولتی تصویر ہیں۔ جب بات حد سے بڑھ گئی تو ایک ہائی سکول کے اساتذہ نے سر جوڑ کر فیصلہ کیا کہ اس لغویات کا کوئی سد باب ہو نا چاہئے۔

اب کیونکہ یہ امریکی سکول تھا۔ امریکی اساتذہ تھے ، اور امریکی ہی والدین اور شاگرد، تو مسئلے کے حل کیلئے بھی امریکی طریقہ کار ہی ڈھونڈا گیا مگر کہیں کہیں آپ کو اس میں اپنے ہاں کی بھی جھلک نظر آئے گی کہ جیسا ہمارے ہاں آپ کسی دفتر میں فون کریں تو آپ کو کوئی پلا ہی نہیں پکڑاتا۔ خیر ملاحظہ کریں کہ اساتذہ کرام اور پرنسپل نے ملکر کیا لائحہ عمل تیار کیا۔

فیصلہ ہوا کہ گراہم بیل کی روح کو دعائیں دیتے ہوئے اور نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیلی فون کی جوابی سروس پر یہ پیغام ریکارڈ کروا دیا جائے۔ لیجئے آپ بھی یہ پیغام پڑھیں اور دنیا کی سپر طاقت کے اساتذہ کے علمی استعدلال پر سر دھنیں۔

"ہیلو ! آپ سکول کی خود کار جوابی سروس سے مخاطب ہیں۔ آپ کی صحیح جگہ تک راہنمائی کے لئے ضروری ہے کہ آپ اس پیغام کو بغور سنیں اور درست نمبر کا انتخاب کریں۔"

"اگر آپ اپنے بچے کی غیر حاضری کے متعلق جھوٹ بولنا چاہتے ہیں تو ایک کا ہندسہ دبائیں"۔

"اگر آپ نے بچے کے سکول کا کام مکمل نہ کرنے کے متعلق کوئی بہانہ گھڑنا ہے تو دو کا ہندسہ دبائیں"۔

" اگر آپ نے ہمارے طریقہ کار کے متعلق شکایت کرنی ہے تو تین کا ہندسہ دبائیں"۔

" اگر آپ نے ہمارے ملازمین اور اساتذہ کو بد دعاؤں اور گالیوں سے نوازنا ہے تو چار کا ہندسہ دبائیں"۔

" اگر آپ نے ہم سے یہ پوچھنا ہے کہ آپ کو وہ معلومات کیوں نہیں ملی جو آپ کو بار بار آپ کے گھر کے پتے پر بھیجی گئیں تو پانچ کے ہندسے کو دبائیں"۔

" اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے بچے کی پرورش کا ذمہ لے لیں تو چھ کا ہندسہ دبائیں"۔

"اگر آپ ہاتھ بڑھا کر کسی کا گلا دبانا چاہتے ہیں یا کسی کو تھپڑ مارنا چاہتے ہیں تو سات کا ہندسہ دبائیں"۔

" اگر اس سال میں آپ تیسری بار اپنے بچے کے استاد کی تبدیلی چاہتے ہیں تو آٹھ کا ہندسہ دبائیں"۔

" اگر آپ سکول کی بس ویگن کی سروس کے متعلق شکایت کرنا چاہتے ہیں تو نو کا ہندسہ دبائیں"۔

" اگر آپ کو سکول کی کنٹین کے متعلق شکایت کرنی ہے تو صفر کا ہندسہ دبائیں"۔

"اگر آپ کو ادراک ہو گیا ہے کہ یہ حقیقی دنیا ہے اور اس دنیا میں بچے کو اپنے افعال، سکول کے کام، گھر کے کام کا خود ذمہ دار ہونا چاہئے اور یہ استاد کی غلطی نہیں کہ آپ کا بچہ محنت نہیں کرتا ہے تو پھر فون بند کر دیں اور ایک خوش گوار دن گزاریں۔"

" اگر آپ اس پیغام کو سمجھنے کے قابل ہیں تو اپنے اساتذہ کے شکر گزار ہوں۔"

٭٭٭

(ترجمہ)

0.0 " 0 "ووٹ وصول ہوئے۔ 

تبصرہ تحریر کریں۔:

اِس تحریر پر کوئی تبصرہ موجود نہیں۔

سرفراز صدیقی سوشل میڈیا پر

منجانب:سرفراز صدیقی۔ صفحات کو بنانے والے: زبیر ذیشان ۔