02:32    , جمعرات   ,   21    نومبر   ,   2024

بچوں کی کہانیاں

1242 0 0 00

جینو چوہا بال بال بچا

ایک چوہا تھا۔اُس کا نام جینو تھا۔ وہ بہت ہی لالچی، کاہل اور سُست تھا۔ کاہل چوہا بہت زیادہ پیٹّو بھی تھا۔ اس کا پیٹ کبھی نہیں بھرتا تھا۔

          ایک دن کی بات ہے جینو کی ماں نے کہا کہ :’’بیٹا! تم بہت زیادہ کھاتے ہو، لیکن کام کاج سے جی چراتے ہو، تم اپنے حصے کے علاوہ میرے اور تمہارے پاپا کا کھانا بھی چٹ کر جاتے ہو، یہ اچھی بات نہیں ہے آج سے تم اپنا کھانا خود تلاش کرو گے۔ ہاں ! ایک بات یاد رکھنا لالچ مت کرنا، زیادہ کھانے کے چکر میں کبھی کسی مصیبت میں مت پڑ جانا، اپنا دھیان رکھنا۔‘‘

          جینو بہت اُداس ہو گیا۔ مگر اسے جانا ہی پڑا۔ وہ کھانے کی تلاش میں نکل گیا، ابھی وہ کچھ ہی دور گیا تھا کہ اُسے راستے میں ایک گیہوں کا دانا مِلا۔ وہ خوش ہو گیا۔ اس نے گیہوں کا دانا اٹھا لیا۔ تب ہی اس کی نظر خرگوش پر پڑی، خرگوش اسے دیکھ کر ہنس رہا تھا۔

          ’’تم مجھے دیکھ کر کیوں ہنس رہے ہو؟‘‘ جینو نے خرگوش سے پوچھا۔

          ’’مَیں تو تمہاری بے وقوفی پر ہنس رہا ہوں، ارے! ایک کسان کی بیل گاڑی یہاں سے گذری ہے۔ تھوڑا اور آگے جاؤ تمہیں گیہوں کی بالی مل جائے گی۔ ‘‘

          خرگوش کی باتیں سن کر جینو کے منہ میں پانی بھر آیا۔ وہ جھٹ سے آگے بڑھ گیا۔ اس کی نظر گیہوں کی بالی پر پڑی۔ بالی راستے میں پڑی ہوئی تھی۔ جینو چوہے نے وہ بالی اٹھا لی اور خوشی کے مارے ناچنے لگا۔ تب ہی وہاں ایک گلہری آ گئی اس نے چوہے سے کہا:’’ ایک گیہوں کی بالی کیا ملی تم تو اچھلنے کودنے اور ناچنے گانے لگے۔ ارے! اور محنت کرو، تھوڑا آگے جاؤ تمہیں ایک بالی کی جگہ گیہوں کا پورا پَودا مل جائے گا۔‘‘

          چوہے کو گلہری کی بات پسند آ گئی وہ جھٹ سے آگے بڑھ گیا۔ چلتے چلتے وہ تھک گیا تھا کہ اچانک اس کی نظر گیہوں کے پودے پر پڑی۔ گیہوں کا پودا راستے میں گِرا ہوا تھا۔ پودے میں بالیاں بالیاں تھیں۔ جینو خوشی کے مارے اچھلنے کودنے لگا۔ گیہوں کے پودے کو دیکھ کر جینو نے اپنے آپ سے کہا :’’ واہ! کیا مزہ آ گیا؟ اب تو پیٹ خوب بھر ہی جائے گا۔‘‘

          بندر نے جب چوہے کو اس طرح ناچتے گاتے اور اچھلتے کودتے دیکھا تو چھلانگ مار کر اس کے قریب آیا اور کہا :’’ تم بھی یا ر بڑے بے وقوف لگتے ہو، بڑا سوچو، بڑا کام کرو، اگر تمہیں کئی دنوں کا کھانا ایک ہی جگہ مل جائے تو ؟‘‘

          ’’ایسا! وہ جگہ کون سی ہے؟‘‘ چوہے نے بندر سے پوچھا۔

          ’’بس یہاں سے صرف پچاس قدم کے فاصلے پر گیہوں کی فصل کا ایک بہت بڑا کھیت ہے وہاں چلے جاؤ اور زندگی بھر موج کرو۔‘‘بندر نے جینو کو بتایا۔

          چوہا بندر کی باتوں میں آ گیا۔ چلتے چلتے وہ کھیت میں پہنچ گیا۔ کھیت میں گیہوں کی لہلہاتی فصل کو دیکھ کر چوہے کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہ رہا۔ اس نے آؤ دیکھا نہ تاؤ، دوڑتا بھاگتا گیہوں کی بالیوں پر ٹوٹ پڑا۔ ابھی اس نے دوچار دانے ہی گیہوں کے کھائے تھے کہ تب ہی وہ ایک پھنکار سُن کر ڈر گیا۔

          ایک سانپ اپنا پھن پھیلائے ہوئے بیٹھا ہوا تھا۔چوہا ڈر کے مارے کانپنے لگا۔ اسے اپنی موت نظر آنے لگی۔ سانپ کی پھنکار سُن کر چوہے نے اپنی آنکھیں بند کر لیں۔ اچانک ایک نیولا کہیں سے دوڑتا ہوا آیا اور اس نے سانپ پر حملہ بول دیا اور اسے دبوچ کر ادھ مرا کر ڈالا۔

          جینو چوہا بال بال بچ گیا۔ اس نے خود سے یہ عہد کیا کہ اب وہ ماں باپ کا کہنا مانے گا اور کبھی بھی لالچ نہیں کرے گا کیوں کہ وہ ماں باپ کی نافرمانی اور لالچ کی وجہ سے ہی آج ایک بڑی مصیبت میں پھنس گیا تھا۔ لیکن یہ اس کی خوش قسمتی تھی کہ وہ بال بال بچ گیا۔

0.0 " 0 "ووٹ وصول ہوئے۔ 

تبصرہ تحریر کریں۔:

اِس تحریر پر کوئی تبصرہ موجود نہیں۔

سرفراز صدیقی سوشل میڈیا پر

منجانب:سرفراز صدیقی۔ صفحات کو بنانے والے: زبیر ذیشان ۔