03:00    , جمعرات   ,   21    نومبر   ,   2024

مجموعہ لفظ لفظ (حصہ سوم)

3092 0 0 00




سر وادیِ سینا

انتساب

آج کے نام

اور

آج کے غم کے نام

آج کا غم کہ ہے زندگی کے بھرے گلستاں سے خفا

زرد پتوں کا بن

زرد پتوں کا بن جو مرا دیس ہے

درد کی انجمن جو مرا دیس ہے

کلرکوں کی افسردہ جانوں کے نام

کِرم خوردہ دلوں اور زبانوں کے نام

پوسٹ مینوں کے نام

تانگے والوں کے نام

ریل بانوں کے نام

کارخانوں کے بھوکے جیالوں کے نام

بادشاہِ جہاں، والیِ ما سوا، نائب اللہ فی الارض،

دہقاں کے نام

جس کے ڈھوروں کو ظالم ہنکا لے گئے

جس کی بیٹی کو ڈاکو اٹھا لے گئے

ہاتھ بھر کھیت سے ایک انگشت پٹوار نے کاٹ لی ہے

دوسری مالیے کے بہانے سے سرکار نے کاٹ لی ہے

جس کی پگ زور والوں کے پاؤں تلے

دھجیاں ہو گئی ہے

ان دکھی ماؤں کے نام

رات میں جن کے بچے بلکتے ہیں اور

نیند کی مار کھائے ہوئے بازوؤں میں سنبھلتے نہیں

دکھ بتاتے نہیں

منتوں زاریوں سے بہلتے نہیں

ان حسیناؤں کے نام

جن کی آنکھوں کے گُل

چلمنوں اور دریچوں کی بیلوں پہ بیکار کھل کھل کے

مرجھا گئے ہیں

ان بیاہتاؤں کے نام

جن کے بدن

بے محبت ریا کار سیجوں پہ سج سج کے اکتا گئے ہیں

بیواؤں کے نام

کٹڑیوں ٭ اور گلیوں، محلوں کے نام

جن کی ناپاک خاشاک سے چاند راتوں

کو آ آ کے کرتا ہے اکثر وضو

جن کے سایوں میں کرتی ہے آہ و بکا

آنچلوں کی حنا

چوڑیوں کی کھنک

کاکلوں کی مہک

آرزو مند سینوں کی اپنے پسینے میں جلنے کی بو

پڑھنے والوں کے نام

وہ جو اصحابِ طبل و علم

کے دروں پر کتاب اور قلم

کا تقاضا لیے ہاتھ پھیلائے

پہنچے، مگر لوٹ کر گھر نہ آئے

وہ معصوم جو بھولپن میں

وہاں اپنے ننھے چراغوں میں لو کی لگن

لے کے پہنچے جہاں

بٹ رہے تھے، گھٹا ٹوپ، بے انت راتوں کے سائے

ان اسیروں کے نام

جن کے سینوں میں فردا کے شب تاب گوہر

جیل خانوں کی شوریدہ راتوں کی صر صر میں

جل جل کے انجم نما ہو گئے ہیں

آنے والے دنوں کے سفیروں کے نام

وہ جو خوشبوئے گل کی طرح

اپنے پیغام پر خود فدا ہو گئے ہیں

(ناتمام)

٭ کٹڑی۔ کٹڑے کی تصغیر، پنجابی میں ملحقہ مکانوں کے احاطے کو کہتے ہیں

٭٭٭






لہو کا سراغ

کہیں نہیں ہے کہیں بھی نہیں لہو کا سراغ

نہ دست و ناخن قاتل نہ آستیں پہ نشاں

نہ سرخیِ لبِ خنجر نہ رنگِ نوکِ سناں

نہ خاک پر کوئی دھبا نہ بام پر کوئی داغ

کہیں نہیں ہے کہیں بھی نہیں لہو کا سراغ

نہ صرف خدمتِ شاہاں کہ خوں بہا دیتے

نہ دیں کی نذر کہ بیعانۂ جزا دیتے

نہ رزم گاہ میں برسا کہ معتبر ہوتا

کسی عَلم پہ رقم ہو کے مشتہر ہوتا

پکارتا رہا بے آسرا یتیم لہو

کسی کو بہرِ سماعت نہ وقت تھا نہ دماغ

نہ مدعی، نہ شہادت، حساب پاک ہوا

یہ خون خاک نشیناں تھا رزقِ خاک ہوا

کراچی، جنوری 1965ء

٭٭٭






٭٭٭

زنداں زنداں شورِ انالحق، محفل محفل قلقلِ مے

خونِ تمنا دریا دریا، دریا دریا عیش کی لہر

دامن دامن رُت پھولوں کی، آنچل آنچل اشکوں کی

قریہ قریہ جشن بپا ہے، ماتم شہر بہ شہر

کراچی، جنوری 1965ء

٭٭٭

٭٭٭

دیدۂ تر پہ وہاں کون نظر کرتا ہے

کاسۂ چشم میں خوں نابِ جگر لے کے چلو

اب اگر جاؤ پئے عرض و طلب اُن کے حضور

دست و کشکول نہیں کاسۂ سر لے کے چلو

کراچی، جنوری 1965ء

٭٭٭






یہاں سے شہر کو دیکھو

یہاں سے شہر کو دیکھو تو حلقہ در حلقہ

کھنچی ہے جیل کی صورت ہر ایک سمت فصیل

ہر ایک راہ گزر گردشِ اسیراں ہے

نہ سنگِ میل، نہ منزل، نہ مخلصی کی سبیل

جو کوئی تیز چلے رہ تو پوچھتا ہے خیال

کہ ٹوکنے کوئی للکار کیوں نہیں آئی

جو کوئی ہاتھ ہلائے تو وہم کو ہے سوال

کوئی چھنک، کوئی جھنکار کیوں نہیں آئی

یہاں سے شہر کو دیکھو تو ساری خلقت میں

نہ کوئی صاحبِ تمکیں، نہ کوئی والیِ ہوش

ہر ایک مردِ جواں مجرمِ رسن بہ گلو

ہر اِک حسینۂ رعنا، کنیزِ حلقہ بگوش

جو سائے دُور چراغوں کے گرد لرزاں ہیں

نہ جانے محفلِ غم ہے کہ بزمِ جام و سبُو

جو رنگ ہر درو دیوار پر پریشاں ہے

یہاں سے کچھ نہیں کھُلتا یہ پھول ہیں کہ لہو

کراچی، مارچ 1965ء

٭٭٭






غزل

یوں سجا چاند کہ جھلکا ترے انداز کا رنگ

یوں فضا مہکی کہ بدلا مرے ہمراز کا رنگ

سایۂ چشم میں ‌حیراں رُخِ روشن کا جمال

سُرخیِ لب میں پریشاں تری آواز کا رنگ

بے پئے ہوں کہ اگر لطف کرو آخرِ شب

شیشۂ مے میں ڈھلے صبح کے آغاز کا رنگ

چنگ و نَے رنگ پہ تھے اپنے لہو کے دم سے

دل نے لےَ بدلی تو مدھم ہوا ہر ساز کا رنگ

اک سخن اور کہ پھر رنگِ تکلم تیرا

حرفِ سادہ کو عنایت کرے اعجاز کا رنگ

کراچی، 1965ء

٭٭٭






غم نہ کر، غم نہ کر

درد تھم جائے گا غم نہ کر، غم نہ کر

یار لوٹ آئیں گے، دل ٹھہر جائے گا، غم نہ کر، غم نہ کر

زخم بھر جائے گا،

غم نہ کر، غم نہ کر

دن نکل آئے گا

غم نہ کر، غم نہ کر

ابر کھُل جائے گا، رات ڈھل جائے گی

غم نہ کر، غم نہ کر

رُت بدل جائے گی

غم نہ کر، غم نہ کر

جون 1965ء

٭٭٭






بَلیک آؤٹ

جب سے بے نور ہوئی ہیں شمعیں

خاک میں ڈھونڈتا پھرتا ہوں نہ جانے کس جا

کھو گئی ہیں میری دونوں آنکھیں

تم جو واقف ہو بتاؤ کوئی پہچان مری

اس طرح ہے کہ ہر اِک رگ میں اُتر آیا ہے

موج در موج کسی زہر کا قاتل دریا

تیرا ارمان، تری یاد لیے جان مری

جانے کس موج میں ٖغلطاں ہے کہاں دل میرا

ایک پل ٹھہرو کہ اُس پار کسی دنیا سے

برق آئے مری جانب، یدِ بیضا لے کر

اور مری آنکھوں کے گُم گشتہ گہر

جامِ ظلمت سے سیہ مست

نئی آنکھوں کے شب تاب گُہر

لوٹا دے

ایک پل ٹھہرو کہ دریا کا کہیں پاٹ لگے

اور نیا دل میرا

زہر میں دھُل کے، فنا ہو کے

کسی گھاٹ لگے

پھر پئے نذر نئے دیدہ و دل لے کے چلوں

حسن کی مدح کروں، شوق کا مضمون لکھوں

ستمبر 1965ء

٭٭٭






غزل

کس حرف پہ تو نے گوشۂ لب اے جانِ جہاں غماز کیا

اعلانِ جنوں دل والوں نے اب کے بہ ہزار انداز کیا

سو پیکاں تھے پیوستِ گلو، جب چھیڑی شوق کی لےَ ہم نے

سو تیر ترازو تھے دل میں جب ہم نے رقص آغاز کیا

بے حرص و ہوا، بے خوف و خطر، اِس ہاتھ پہ سر، اُس کف پہ جگر

یوں کوئے صنم میں وقتِ سفر نظارۂ بامِ ناز کیا

جس خاک میں مل کر خاک ہوئے، وہ سرمۂ چشمِ خلق بنی

جس خار پہ ہم نے خوں چھڑکا، ہمرنگِ گلِ طناز کیا

لو وصل کی ساعت آ پہنچی، پھر حکمِ حضوری پر ہم نے

آنکھوں کے دریچے بند کیے، اور سینے کا در باز کیا

٭٭٭






سپاہی کا مرثیہ

اٹھو اب ماٹی سے اٹھو

جاگو میرے لال،

اب جاگو میرے لال

تمری سیج سجاون کارن

دیکھو آئی رین اندھیارن

نیلے شال دو شالے لے کر

جن میں اِن دُکھیَن اکھیَن نے

ڈھیر کیے ہیں اتنے موتی

اتنے موتی جن کی جیوتی

دان سے تمرا

جگ جگ لاگا

نام چمکنے

اٹھو اب ماٹی سے اٹھو

جاگو میرے لال

اب جاگو میرے لال

گھر گھر بکھرا بھور کا کندن

گھور اندھیرا اپنا آنگن

جانے کب سے راہ تکے ہیں

بالی دلہنیا، بانکے ویِرن

سونا تمرا راج پڑا ہے

دیکھو کتنا کاج پڑا ہے

بیری بیراجے راج سنگھاسن

تم ماٹی میں لال

اٹھو اب ماٹی سے اٹھو، جاگو میرے لال

ہٹ نہ کرو ماٹی سے اٹھو، جاگو میرے لال

اب جاگو میرے لال

اکتوبر 1965ء

٭٭٭






ایک شہرِ آشوب کا آغاز

اب بزمِ سخن صحبتِ لب سوختگاں ہے

اب حلقۂ مے طائفۂ بے طلباں ہے

گھر رہیے تو ویرانیِ دل کھانے کو آوے

رہ چلیے تو ہر گام پہ غوغائے سگاں ہے

پیوندِ رہِ کوچۂ زر چشمِ غزالاں

پابوسِ ہوس افسرِ شمشاد قداں ہے

یاں اہلِ جنوں یک بہ دگر دست و گریباں

واں جیشِ ہوس تیغ بکف در پئے جاں ہے

اب صاحبِ انصاف ہے خود طالبِ انصاف

مُہر اُس کی ہے میزان بہ دستِ دگراں ہے

ہم سہل طلب کون سے فرہاد تھے لیکن

اب شہر میں تیرے کوئی ہم سا بھی کہاں ہے

فروری، 1966ء ٭٭٭






٭٭٭

دیوارِ شب اور عکسِ رُخِ یار سامنے

پھر دل کے آئینے سے لہو پھوٹنے لگا

پھر وضعِ احتیاط سے دھندلا گئی نظر

پھر ضبطِ آرزو سے بدن ٹوٹنے لگا

1966ء

٭٭٭






غزل

کیے آرزو سے پیماں جو مآل تک نہ پہنچے

شب و روزِ آشنائی مہ و سال تک نہ پہنچے

وہ نظر بہم نہ پہنچی کہ محیطِ حسن کرتے

تری دید کے وسیلے خد و خال تک نہ پہنچے

وہی چشمۂ بقا تھا جسے سب سراب سمجھے

وہی خواب معتبر تھے جو خیال تک نہ پہنچے

ترا لطف وجہِ تسکیں، نہ قرار شرحِ غم سے

کہ ہیں دل میں وہ گلے بھی جو ملال تک نہ پہنچے

کوئی یار جاں سے گزرا، کوئی ہوش سے نہ گزرا

یہ ندیم یک دو ساغر مرے حال تک نہ پہنچے

چلو فیض دل جلائیں کریں پھر سے عرضِ جاناں

وہ سخن جو لب تک آئے پہ سوال تک نہ پہنچے

1966ء

٭٭٭






سوچنے دو

(آندرے وزنیسن سکی کے نام)

اک ذرا سوچنے دو

اس خیاباں میں

جو اس لحظہ بیاباں بھی نہیں

کون سی شاخ میں پھول آئے تھے سب سے پہلے

کون بے رنگ ہوئی رنگ و تعب سے پہلے

اور اب سے پہلے

کس گھڑی کون سے موسم میں یہاں

خون کا قحط پرا

گُل کی شہ رگ پہ کڑا

وقت پڑا

سوچنے دو

اک ذرا سوچنے دو

یہ بھرا شہر جو اب وادیِ ویراں بھی نہیں

اس میں کس وقت کہاں

آگ لگی تھی پہلے

اس کے صف بستہ دریچوں میں سے کس میں اول

زہ ہوئی سرخ شعاعوں کی کماں

کس جگہ جوت جگی تھی پہلے

سوچنے دو

ہم سے اس دیس کا تم نام و نشاں پوچھتے ہو

جس کی تاریخ نہ جغرافیہ اب یاد آئے

اور یاد آئے تو محبوبِ گزشتہ کی طرح

روبرو آنے سے جی گھبرائے

ہاں مگر جیسے کوئی

ایسے محبوب یا محبوبہ کا دل رکھنے کو

آ نکلتا ہے کبھی رات بِتانے کے لئے

ہم اب اس عمر کو آ پہنچے ہیں جب ہم بھی یونہی

دل سے مل آتے ہیں بس رسم نبھانے کے لیے

دل کی کیا پوچھتے ہو

سوچنے دو

ماسکو

مارچ 1967 ء

٭٭٭






غزل

نہ کسی پہ زخم عیاں کوئی، نہ کسی کو فکر رفو کی ہے

نہ کرم ہے ہم پہ حبیب کا، نہ نگاہ ہم پہ عدو کی ہے

صفِ زاہداں ہے تو بے یقیں، صفِ میکشاں ہے تو بے طلب

نہ وہ صبح درودو وضو کی ہے، نہ وہ شام جام و سبو کی ہے

نہ یہ غم نیا، نہ ستم نیا، کہ تری جفا کا گلہ کریں

یہ نظر تھی پہلے بھی مضطرب، یہ کسک تو دل میں کبھو کی ہے

کفِ باغباں پہ بہارِ گل کا ہے قرض پہلے سے بیشتر

کہ ہر ایک پھول کے پیرہن، میں نمود میرے لہو کی ہے

نہیں ‌خوفِ روزِ سیہ ہمیں، کہ ہے فیض ظرفِ نگاہ میں

ابھی گوشہ گیر وہ اک کرن، جو لگن اُس آئینہ رُو کی ہے

1967ء

٭٭٭






سرِ وادیِ سینا

(عرب اسرائیل جنگ کے بعد)

پھر برق فروزاں ہے سرِ وادیِ سینا

پھر رنگ پہ ہے شعلۂ رخسارِ حقیقت

پیغامِ اجل دعوتِ دیدارِ حقیقت

اے دیدۂ بینا

اب وقت ہے دیدار کا دم ہے کہ نہیں ہے

اب قاتلِ جاں چارہ گرِ کلفتِ غم ہے

گلزارِ ارم پرتوِ صحرائے عدم ہے

پندارِ جنوں

حوصلۂ راہِ عدم ہے کہ نہیں ہے

پھر برق فروزاں ہے سرِ وادیِ سینا، اے دیدۂ بینا

پھر دل کو مصفا کرو، اس لوح پہ شاید

مابینِ من و تو نیا پیماں کوئی اترے

اب رسمِ ستم حکمت خاصانِ زمیں ہے

تائیدِ ستم مصلحتِ مفتیِ دیں ہے

اب صدیوں کے اقرارِ اطاعت کو بدلنے

لازم ہے کہ انکار کا فرماں کوئی اترے

٭٭٭






دُعا

آئیے ہاتھ اٹھائیں ہم بھی

ہم جنہیں رسمِ دعا یاد نہیں

ہم جنہیں سوزِ محبت کے سوا

کوئی بت، کوئی خدا یاد نہیں

آئیے عرض گزاریں کہ نگارِ ہستی

زہر امروز میں شیرینیِ فردا بھر دے

وہ جنہیں تابِ گراں باریِ ایام نہیں

ان کی پلکوں پہ شب و روز کو ہلکا کر دے

جن کی آنکھوں کو رخِ صبح کا یارا بھی نہیں

ان کی راتوں میں کوئی شمع منور کر دے

جن کے قدموں کو کسی رہ کا سہارا بھی نہیں

ان کی نظروں پہ کوئی راہ اجاگر کر دے

جن کا دیں پیرویِ کذب و ریا ہے ان کو

ہمتِ کفر ملے، جرأتِ تحقیق ملے

جن کے سر منتظرِ تیغِ جفا ہیں ان کو

دستِ قاتل کو جھٹک دینے کی توفیق ملے

عشق کا سرِ نہاں جانِ تپاں ہے جس سے

آج اقرار کریں اور تپش مٹ جائے

حرفِ حق دل میں کھٹکتا ہے جو کانٹے کی طرح

آج اظہار کریں اور خلش مٹ جائے

یومِ آزادی، 14 اگست 1967ء

٭٭٭






دلدار دیکھنا

طوفاں بہ دل ہے ہر کوئی دلدار دیکھنا

گُل ہو نہ جائے مشعلِ رخسار دیکھنا

آتش بہ جاں ہے ہر کوئی سرکار دیکھنا

لو دے اٹھے نہ طرۂ طرار دیکھنا

جذبِ مسافرانِ رہِ یار دیکھنا

سر دیکھنا، نہ سنگ، نہ دیوار دیکھنا

کوئے جفا میں قحطِ خریدار دیکھنا

ہم آ گئے تو گرمیِ بازار دیکھنا

اُس دلنواز شہر کے اطوار دیکھنا

بے التفات بولنا، بیزار دیکھنا

خالی ہیں گرچہ مسندو منبر، نگوں ہے خلق

رعبِ قبا و ہیبتِ دستار دیکھنا

جب تک نصیب تھا ترا دیدار دیکھنا

جس سمت دیکھنا، گل و گلزار دیکھنا

پھر ہم تمیزِ روز و مہ و سال کر سکیں

اے یادِ یار پھر اِدھر اِک بار دیکھنا

1967ء

٭٭٭






ہارٹ اٹیک

درد اتنا تھا کہ اس رات دلِ وحشی نے

ہر رگِ جاں سے الجھنا چاہا

ہر بُنِ مُو سے ٹپکنا چاہا

اور کہیں دور ترے صحن میں گویا

پتا پتا مرے افسردہ لہو میں دھل کر

حسنِ مہتاب سے آزردہ نظر آنے لگا

میرے ویرانۂ تن میں گویا

سارے دُکھتے ہوئے ریشوں کی طنابیں کھُل کر

سلسلہ وار پتا دینے لگیں

رخصتِ قافلۂ شوق کی تیاری کا

اور جب یاد کی بجھتی ہوئی شمعوں میں نظر آیا کہیں

ایک پل آخری لمحہ تری دلداری کا

درد اتنا تھا کہ اس سے بھی گزرنا چاہا

ہم نے چاہا بھی، مگر دل نہ ٹھہرنا چاہا

1967ء

٭٭٭






٭٭٭

ضبط کا عہد بھی ہے شوق کا پیمان بھی ہے

عہدو پیماں سے گزر جانے کو جی چاہتا ہے

درد اتنا ہے کہ ہر رگ میں ہے محشر برپا

اور سکوں ایسا کہ مر جانے کو جی چاہتا ہے

1968ء

٭٭٭






مرثیے

(1)

دور جا کر قریب ہو جتنے

ہم سے کب تم قریب تھے اتنے

اب نہ آؤ گے تم نہ جاؤ گے

وصل و ہجراں بہم ہوئے کتنے

٭٭

(2)

چاند نکلے کسی جانب تری زیبائی کا

رنگ بدلے کسی صورت شبِ تنہائی کا

دولتِ لب سے پھر اے خسروِ شیریں دہناں

آج ارزاں ہو کوئی حرف شناسائی کا

گرمیِ رشک سے ہر انجمنِ گُل بدناں

تذکرہ چھیڑے تری پیرہن آرائی کا

صحنِ گلشن میں کبھی اے شہِ شمشاد قداں

پھر نظر آئے سلیقہ تری رعنائی کا

ایک بار اور مسیحائے دلِ دل زدگاں

کوئی وعدہ، کوئی اقرار مسیحائی کا

دیدہ و دل کو سنبھالو کہ سرِ شامِ فراق

سازو سامان بہم پہنچا ہے رسوائی کا

اگست 1968ء

٭٭

(3)

کب تک دل کی خیر منائیں، کب تک رہ دکھلاؤ گے

کب تک چین کی مہلت دو گے، کب تک یاد نہ آؤ گے

بیتا دید اُمید کا موسم، خاک اُڑتی ہے آنکھوں میں

کب بھیجو گے درد کا بادل، کب برکھا برساؤ گے

عہدِ وفا یا ترکِ محبت، جو چاہو سو آپ کرو

اپنے بس کی بات ہی کیا ہے، ہم سے کیا منواؤ گے

کس نے وصل کا سورج دیکھا، کس پر ہجر کی رات ڈھلی

گیسوؤں والے کون تھے کیا تھے، ان کو کیا جتلاؤ گے

فیض دلوں کے بھاگ میں ہے گھر بھرنا بھی، لُٹ جانا بھی

تم اس حسن کے لطف و کرم پہ کتنے دن اتراؤ گے

اکتوبر 1968ء

٭٭٭






خورشیدِ محشر کی لو

آج کے دن نہ پوچھو، مرے دوستو

دور کتنے ہیں خوشیاں منانے کے دن

کھُل کے ہنسنے کے دن، گیت گانے کے دن

پیار کرنے کے دن، دل لگانے کے دن

آج کے دن نہ پوچھو، مرے دوستو

زخم کتنے ابھی بختِ بسمل میں ہیں

دشت کتنے ابھی راہِ منزل میں ہیں

تیر کتنے ابھی دستِ قاتل میں ہیں

آج کا دن زبوں ہے، مرے دوستو

آج کے دن تو یوں ہے، مرے دوستو

جیسے درد و الم کے پرانے نشاں

سب چلے سوئے دل کارواں، کارواں

ہاتھ سینے پہ رکھو تو ہر استخواں

دے اٹھے نالۂ الاماں، الاماں

آج کے دن نہ پوچھو، مرے دوستو

کب تمہارے لہو کے دریدہ عَلم

فرقِ خورشیدِ محشر پہ ہوں گے رقم

از کراں تا کراں کب تمہارے قدم

لے کے اٹھے گا وہ بحرِ خوں یم بہ یم

جس میں دھُل جائے گا آج کے دن کا غم

سارے دردو الم سارے جورو ستم

دور کتنی ہے خورشید محشر کی لو

آج کے دن نہ پوچھو، مرے دوستو

مارچ، اپریل 1969ء ٭٭٭






٭٭٭

بالیں پہ کہیں رات ڈھل رہی ہے

یا شمع پگھل رہی ہے

پہلو میں کوئی چیز جل رہی ہے

تم ہو کہ مری جاں نکل رہی ہے

مئی۔ جون 1970ء

٭٭٭






٭٭٭

اِک سخن مطربِ زیبا کہ سلگ اٹھے بدن

اِک قدح ساقیِ مہوش جو کرے ہوش تمام

ذکرِ صبحے کہ رُخ یار سے رنگیں تھا چمن

یادِ شب ہا کہ تنِ یار تھا آغوش تمام

جون 1970ء

٭٭٭






جرسِ گُل کی صدا

اس ہوس میں کہ پکارے جرسِ گل کی صدا

دشت و صحرا میں صبا پھرتی ہے یوں آوارہ

جس طرح پھرتے ہیں ہم اہلِ جنوں آوارہ

ہم پہ وارفتگیِ ہوش کی تہمت نہ دھرو

ہم کہ رمازِ رموزِ غمِ پنہانی ہیں

اپنی گردن پہ بھی ہے رشتہ فگن خاطرِ دوست

ہم بھی شوقِ رہِ دلدار کے زندانی ہیں

جب بھی ابروئے درِ یار نے ارشاد کیا

جس بیاباں میں بھی ہم ہوں گے چلے آئیں گے

در کھُلا دیکھا تو شاید تمہیں پھر دیکھ سکیں

بند ہو گا تو صدا دے کے چلے جائیں گے

جولائی 1970ء

٭٭٭






فرشِ نومیدیِ دیدار

دیکھنے کی تو کسے تاب ہے لیکن اب تک

جب بھی اس راہ سے گزرو تو کسی دکھ کی کسک

ٹوکتی ہے کہ وہ دروازہ کھلا ہے اب بھی

اور اس صحن میں ہر سو یونہی پہلے کی طرح

فرشِ نومیدیِ دیدار بچھا ہے اب بھی

اور کہیں یاد کسی دل زدہ بچے کی طرح

ہاتھ پھیلائے ہوئے بیٹھی ہے فریاد کناں

دل یہ کہتا ہے کہ کہیں اور چلے جائیں جہاں

کوئی دروازہ عبث وا ہو نہ بیکار کوئی

یاد فریاد کا کشکول لیے بیٹھی ہو

محرمِ حسرتِ دیدار ہو دیوار کوئی

نہ کوئی سایۂ گُل ہجرتِ گل سے ویراں

یہ بھی کر دیکھا ہے سو بار کہ جب راہوں میں

دیس پردیس کی بے مہر گزرگاہوں میں

قافلے قامت و رخسار و لب و گیسو کے

پردۂ چشم پہ یوں اترے ہیں بے صورت و رنگ

جس طرح بند دریچوں پہ گرے بارشِ سنگ

اور دل کہتا ہے ہر بار چلو لوٹ چلو

اس سے پہلے کہ وہاں جائیں تو یہ دکھ بھی نہ ہو

یہ نشانی کہ وہ دروازہ کھلا ہے اب بھی

اور اُس صحن میں ہر سُو یونہی پہلے کی طرح

فرشِ نومیدیِ دیدار بچھا ہے اب بھی

اگست 1970ء

٭٭٭






غزل

رہا نہ کچھ بھی زمانے میں جب نظر کو پسند

تری نظر سے کیا رشتۂ نظر پیوند

ترے جمال سے ہر صبح پر وضو لازم

ہر ایک شب ترے در پر سجود کی پابند

نہیں رہا حرمِ دل میں اِک صنم باطل

ترے خیال کے لات و منات کی سوگند

مثال زینۂ منزل بکارِ شوق آیا

ہر اِک مقام کہ ٹوٹی جہاں جہاں پہ کمند

خزاں تمام ہوئی کس حساب میں لکھیے

بہارِ گل میں جو پہنچے ہیں شاخِ گل کو گزند

دریدہ دل ہے کوئی شہر میں ہماری طرح

کوئی دریدہ دہن شیخِ شہر کے مانند

شعار کی جو مداراتِ قامتِ جاناں

کیا ہے فیض درِ دل، درِ فلک سے بلند

نومبر 1970ء

٭٭٭






غزل

شرح بے دردیِ حالات نہ ہونے پائی

اب کے بھی دل کی مدارات نہ ہونے پائی

پھر وہی وعدہ جو اقرار نہ بننے پایا

پھر وہی بات جو اثبات نہ ہونے پائی

پھر وہ پروانے جنہیں اذنِ شہادت نہ ملا

پھر وہ شمعیں کہ جنہیں رات نہ ہونے پائی

پھر وہی جاں بلبی لذتِ مے سے پہلے

پھر وہ محفل جو خرابات نہ ہونے پائی

پھر دمِ دید رہے چشم و نظر دید طلب

پھر شبِ وصل ملاقات نہ ہونے پائی

پھر وہاں بابِ اثر جانیے کب بند ہوا

پھر یہاں ختم مناجات نہ ہونے پائی

فیض سر پر جو ہر اِک روز قیامت گزری

ایک بھی روز مکافات نہ ہونے پائی

23، مارچ 1971ء

٭٭٭






حذر کرو مرے تن سے

سجے تو کیسے سجے قتلِ عام کا میلہ

کسے لبھائے گا میرے لہو کا واویلا

مرے نزار بدن میں لہو ہی کتنا ہے

چراغ ہو کوئی روشن نہ کوئی جام بھرے

نہ اس سے آگ ہی بھڑکے نہ اس سے پیاس بجھے

مرے فگار بدن میں لہو ہی کتنا ہے

مگر وہ زہرِ ہلاہل بھرا ہے نس نس میں

جسے بھی چھیدو ہر اِک بوند قہرِ افعی ہے

ہر اک کشید ہے صدیوں کے دردو حسرت کی

ہر اک میں مُہر بلب غیض و غم کی گرمی ہے

حذر کرو مرے تن سے یہ سم کا دریا ہے

حذر کرو کہ مرا تن وہ چوبِ صحرا ہے

جسے جلاؤ تو صحنِ چمن میں دہکیں گے

بجائے سرو و سمن میری ہڈیوں کے ببول

اسے بکھیرا تو دشت و دمن میں بکھرے گی

بجائے مشکِ صبا میری جان زار کی دھول

حذر کرو کہ مرا دل لہو کا پیاسا ہے

مارچ 1971ء

٭٭٭






تہ بہ تہ دل کی کدورت

میری آنکھوں میں امنڈ آئی تو کچھ چارہ نہ تھا

چارہ گر کی مان لی

اور میں نے گرد آلود آنکھوں کو لہو سے دھو لیا

میں نے گرد آلود آنکھوں کو لہو سے دھو لیا

اور اب ہر شکل و صورت

عالمِ موجود کی ہر ایک شے

میری آنکھوں کے لہو سے اس طرح ہم رنگ ہے

خورشید کا کندن لہو

مہتاب کی چاندی لہو

صبحوں کا ہنسنا بھی لہو

راتوں کا رونا بھی لہو

ہر شجر مینارِ خوں، ہر پھول خونیں دیدہ ہے

ہر نظر اک تارِ خوں، ہر عکس خوں مالیدہ ہے

موجِ خوں جب تک رواں رہتی ہے اس کا سرخ رنگ

جذبۂ شوقِ شہادت، درد، غیظ و غم کا رنگ

اور تھم جائے تو کجلا کر

فقط نفرت کا، شب کا، موت کا،

ہر اک رنگ کے ماتم کا رنگ

چارہ گر ایسا نہ ہونے دے

کہیں سے لا کوئی سیلابِ اشک

آبِ وضو

جس میں دھُل جائیں تو شاید دھُل سکے

میری آنکھوں، میری گرد آلود آنکھوں کا لہو ....

8 اپریل 1971

٭٭٭






غزل

ہم سادہ ہی ایسے تھے، کی یوں ہی پذیرائی

جس بار خزاں آئی، سمجھے کہ بہار آئی

آشوبِ نظر سے کی ہم نے چمن آرائی

جو شے بھی نظر آئی، گل رنگ نظر آئی

امیدِ تلطف میں رنجیدہ رہے دونوں

تو اور تری محفل، میں اور مری تنہائی

یک جان نہ ہو سکیے، انجان نہ بن سکیے

یوں ٹوٹ گئی دل میں شمشیرِ شناسائی

اس تن کی طرف دیکھو جو قتل گہِ دل ہے

کیا رکھا ہے مقتل میں، اے چشمِ تماشائی

٭٭٭






٭٭٭

یار اغیار ہو گئے ہیں

اور اغیار مُصِر ہیں کہ وہ سب

یارِ غار ہو گئے ہیں

اب کوئی ندیمِ با صفا نہیں ہے

سب رند شراب خوار ہو گئے ہیں

1971ء

٭٭٭






غزل

کہیں تو کاروانِ درد کی منزل ٹھہر جائے

کنارے آ لگے عمرِ رواں یا دل ٹھہر جائے

اماں کیسی کہ موجِ خوں ابھی سر سے نہیں گزری

گزر جائے تو شاید بازوئے قاتل ٹھہر جائے

کوئی دم بادبانِ کشتیِ صہبا کو تہہ رکھو

ذرا ٹھہرو غبارِ خاطرِ محفل ٹھہر جائے

خُمِ ساقی میں جز زہرِ ہلاہل کچھ نہیں باقی

جو ہو محفل میں اس اکرام کے قابل، ٹھہر جائے

ہماری خامشی بس دل سے لب تک ایک وقفہ ہے

یہ طوفاں ہے جو پل بھر بر لبِ ساحل ٹھہر جائے

نگاہِ منتظر کب تک کرے گی آئینہ بندی

کہیں تو دشتِ غم میں یار کا محمل ٹھہر جائے

٭٭٭






داغستان کے ملک الشعرا رسول حمزہ کے افکار

میں تیرے سپنے دیکھوں

برکھا برسے چھت پر، میں تیرے سپنے دیکھوں

برف گرے پربت پر، میں تیرے سپنے دیکھوں

صبح کی نیل پری، میں تیرے سپنے دیکھوں

کویل دھوم مچائے، میں تیرے سپنے دیکھوں

آئے اور اُڑ جائے، میں تیرے سپنے دیکھوں

باغوں میں پتے مہکیں، میں تیرے سپنے دیکھوں

شبنم کے موتی دہکیں، میں تیرے سپنے دیکھوں

اس پیار میں کوئی دھوکا ہے

تو نار نہیں کچھ اور ہے شے

ورنہ کیوں ہر ایک سمے

میں تیرے سپنے دیکھوں

٭٭






بھائی

آج سے بارہ برس پہلے بڑا بھائی مِرا

اسٹالن گراڈ کی جنگاہ میں کام آیا تھا

میری ماں اب بھی لیے پھرتی ہے پہلو میں یہ غم

جب سے اب تک ہے وہی تن پہ ردائے ماتم

اور اس دُکھ سے مِری آنکھ کا گوشہ تر ہے

اب مِری عمر بڑے بھائی سے کچھ بڑھ کر ہے

٭٭






داغستانی خاتون اور شاعر بیٹا

اس نے جب بولنا نہ سیکھا تھا

اس کی ہر بات میں سمجھتی تھی

اب وہ شاعر بنا ہے نامِ خدا

لیکن افسوس کوئی بات اس کی

میرے پلے ذرا نہیں پڑتی

٭٭






بہ نوکِ شمشیر

میرے آبا کہ تھے نا محرمِ طوق و زنجیر

وہ مضامیں جو ادا کرتا ہے اب میرا قلم

نوکِ شمشیر پہ لکھتے تھے بہ نوکِ شمشیر

روشنائی سے جو میں کرتا ہوں کاغذ پہ رقم

سنگو صحرا پہ وہ کرتے تھے لہو سے تحریر

٭٭٭






آرزو

مجھے معجزوں پہ یقیں نہیں مگر آرزو ہے کہ جب قضا

مجھے بزمِ دہر سے لے چلے

تو پھر ایک بار یہ اذن دے

کہ لحد سے لوٹ کے آ سکوں

ترے در پہ آ کے صدا کروں

تجھے غمگسار کی ہو طلب تو ترے حضور میں آ رہوں

یہ نہ ہو تو سوئے رہ عدم میں پھر ایک بار روانہ ہوں

٭٭٭






سالگرہ

شاعر کا جشنِ سالگرہ ہے شراب لا

منصب، خطاب، رُتبہ انہیں کیا نہیں ملا

بس نقص ہے تو اتنا کہ ممدوح نے کوئی

مصرع کسی کتاب کے شایاں نہیں لکھا

٭٭٭






ایک چٹان کے لئے

کتبہ

جواں مردی اسی رفعت پہ پہنچی

جہاں سے بزدلی نے جست کی تھی

تیرگی جال ہے اور بھالا ہے نور

اک شکاری ہے دن، اک شکاری ہے رات

جگ سمندر ہے جس میں کنارے سے دور

مچھلیوں کی طرح ابنِ آدم کی ذات

جگ سمندر ہے ساحل پہ ہیں ماہی گیر

جال تھامے کوئی، کوئی بھالا لیے

میری باری کب آئے گی کیا جانیے

دن کے بھالے سے مجھ کو کریں گے شکار

رات کے جال میں یا کریں گے اسیر؟

٭٭٭






نسخۂ الفت میرا

گر کسی طور ہر اک الفتِ جاناں کا خیال

شعر میں ڈھل کے ثنائے رُخِ جانانہ بنے

پھر تو یوں ہو کہ مِرے شعرو سخن کا دفتر

طول میں طولِ شبِ ہجر کا افسانہ بنے

ہے بہت تشنہ مگر نسخۂ الفت میرا

اس سبب سے کہ ہر اک لمحۂ فرصت میرا

دل یہ کہتا ہے کہ ہو قربتِ جاناں میں بسر

٭٭٭






غبارِ ایّام

جس دھجی کو گلیوں میں لیے پھرتے ہیں طفلاں

یہ میرا گریباں ہے کہ لشکر کا علم ہے






تُم ہی کہو کیا کرنا ہے

جب دُکھ کی ندیا میں ہم نے

جیون کی ناؤ ڈالی تھی

تھا کتنا کس بل بانہوں میں

لوہُو میں کتنی لالی تھی

یُوں لگتا تھا دو ہاتھ لگے

اور ناؤ پُورم پار لگی

ایسا نہ ہُوا ، ہر دھارے میں

کچھ ان دیکھی منجدھاریں تھیں

کچھ مانجھی تھے انجان بہُت

کچھ بے پرکھی پتواریں تھیں

اب جو بھی چاہو چھان کرو

اب جِتنے چاہو دوش دھرو

ندیا تو وہی ہو ، ناؤ وہی

اب تُم ہی کہو کیا کرنا ہے

اب کیسے پار اُترنا ہے

جب اپنی چھاتی میں ہم نے

اِس دیس کے گھاؤ دیکھے تھے

تھا ویدوں پر وشواس بہت

اور یاد بہت سےنسخے تھے

یُوں لگتا تھا بس کچھ دِن میں

ساری بپتا کٹ جائے گی

اور سب گھاؤ بھر جائیں گے

ایسا نہ ہُوا کہ روگ اپنے

کچھ اِتنے ڈھیر پُرانے تھے

وید اُن کی ٹوہ کو پا نہ سکے

اور ٹوٹکے سب بیکار گئے

اب جو بھی چاہو چھان کرو

اب جتنے چاہو دوش دھرو

چھاتی تو وہی ہے ، گھاؤ وہی

اب تُم ہی کہو کیا کرنا ہے

یہ گھاؤ کیسے بھرنا ہے

لندن ۱۹۸۱

٭٭٭






عشق اپنے مجرموں کو پابجولاں لے چلا

دار کی رسیوں کے گلو بند گردن میں پہنے ہوئے

گانے والے ہر اِک روز گاتے رہے

پایلیں بیڑیوں کی بجاتے ہوئے

ناچنے والے دھومیں مچاتے رہے

ہم نہ اس صف میں تھے اور نہ اُس صف میں تھے

راستے میں کھڑے اُن کو تکتے رہے

رشک کرتے رہے

اور چُپ چاپ آنسو بہاتے رہے

لوٹ کر آ کے دیکھا تو پھولوں کا رنگ

جو کبھی سُرخ تھا زرد ہی زرد ہے

اپنا پہلو ٹٹولا تو ایسا لگا

دل جہاں تھا وہاں درد ہی درد ہے

گلو میں کبھی طوق کا واہمہ

کبھی پاؤں میں رقصِ زنجیر

اور پھر ایک دن عشق انہیں کی طرح

رسن در گلو، پابجولاں ہمیں

اسی قافلے میں کشاں لے چلا

بیروت، جولائی ۱۹۸۱

٭٭٭






غزل

نہیں نگاہ میں منزل تو جستجو ہی سہی

نہیں وصال میسر تو آرزو ہی سہی

نہ تن میں‌ خون فراہم نہ اشک آنکھوں میں

نمازِ شوق تو واجب ہے بے وضو ہی سہی

کسی طرح تو جمے بزم میکدے والو

نہیں جو بادہ و ساغر تو ہاؤ ہو ہی سہی

گر انتظار کٹھن ہے تو جب تلک اے دل

کسی کے وعدۂ فردا کی گفتگو ہی سہی

دیارِ غیر میں محرم اگر نہیں کوئی

تو فیض ذکرِ وطن اپنے روبرو ہی سہی

لاہور، فروری 82

٭٭٭






میجر اسحاق کی یاد میں

لو تم بھی گئے ہم نے تو سمجھا تھا کہ تم نے

باندھا تھا کوئی یاروں سے پیمانِ وفا اور

یہ عہد کہ تا عمرِ رواں ساتھ رہو گے

رستے میں بچھڑ جائیں گے جب اہلِ صفا اور

ہم سمجھے تھے صیّاد کا ترکش ہوا خالی

باقی تھا مگر اس میں ابھی تیرِ قضا اور

ہر خار رہِ دشت وطن کا ہے سوالی

کب دیکھیے آتا ہے کوئی آبلہ پا اور

آنے میں تامّل تھا اگر روزِ جزا کو

اچھا تھا ٹھہر جاتے اگر تم بھی ذرا اور

بیروت۔ 3 جون 1982

٭٭٭






ایک نغمہ کربلائے بیروت کے لیے

بیروت نگارِ بزمِ جہاں

بیروت بدیلِ باغِ جناں

بچوں کی ہنستی آنکھوں کے

جو آئنے چکنا چور ہوئے

اب ان کے ستاروں کی لَو سے

اس شہر کی راتیں روشن ہیں

اور رخشاں ہے ارضِ لبنان

بیروت نگارِ بزمِ جہاں

جو چہرے لہو کے غازے کی

زینت سے سوا پُر نور ہوئی

اب ان کے رنگیں پرتو سے

اس شہر کی گلیاں روشن ہیں

اور تاباں ہے ارضِ لبنان

بیروت نگارِ بزمِ جہاں

ہر ویراں گھر، ہر ایک کھنڈر

ہم پایۂ قصرِ دارا ہے

ہر غازی رشکِ اسکندر

ہر دختر ہمسرِ لیلیٰ ہے

یہ شہر ازل سے قائم ہے

یہ شہر ابد تک دائم ہے

بیروت نگارِ بزمِ جہاں

بیروت بدیلِ باغِ جناں

بیروت ۔ جون 82

٭٭٭






ایک ترانہ مجاہدینِ فلسطین کے لیے

ہم جیتیں گے

حقّا ہم اِک دن جیتیں گے

بالآخر اِک دن جیتیں گے

کیا خوف ز یلغارِ اعداء

ہے سینہ سپر ہر غازی کا

کیا خوف ز یورشِ جیشِ قضا

صف بستہ ہیں ارواح الشہدا

ڈر کاہے کا!

ہم جیتیں گے

حقّا ہم اِک دن جیتیں گے

قد جاء الحق و زَہَق الباطِل

فرمودۂ ربِّ اکبر

ہے جنت اپنے پاؤں تلے

اور سایۂ رحمت سر پر ہے

پھر کیا ڈر ہے!

ہم جیتیں گے

حقّا ہم اِک دن جیتیں گے

بالآخر اِک دن جیتیں گے

بیروت۔ 15 جون 83ء

٭٭٭






غزل

گو سب کو بہم ساغر و بادہ تو نہیں تھا

یہ شہر اداس اتنا زیادہ تو نہیں تھا

گلیوں میں پھرا کرتے تھے دو چار دوانے

ہر شخص کا صد چاک لبادہ تو نہیں تھا

منزل کو نہ پہچانے رہِ عشق کا راہی

ناداں ہی سہی، ایسا بھی سادہ تو نہیں تھا

تھک کر یونہی پل بھر کے لئے آنکھ لگی تھی

سو کر ہی نہ اٹھیں یہ ارادہ تو نہیں تھا

واعظ سے رہ و رسم رہی رند سے صحبت

فرق ان میں کوئی اتنا زیادہ تو نہیں تھا

لاہور فروری 83ء

٭٭٭






اس وقت تو یُوں لگتا ہے

اس وقت تو یوں لگتا ہے اب کچھ بھی نہیں ہے

مہتاب نہ سورج، نہ اندھیرا نہ سویرا

آنکھوں کے دریچوں پہ کسی حسن کی چلمن

اور دل کی پناہوں میں کسی درد کا ڈیرا

ممکن ہے کوئی وہم تھا، ممکن ہے سنا ہو

گلیوں میں کسی چاپ کا اک آخری پھیرا

شاخوں میں خیالوں کے گھنے پیڑ کی شاید

اب آ کے کرے گا نہ کوئی خواب بسیرا

اک بَیر، نہ اک مہر، نہ اک ربط نہ رشتہ

تیرا کوئی اپنا، نہ پرایا کوئی میرا

مانا کہ یہ سنسان گھڑی سخت کڑی ہے

لیکن مرے دل یہ تو فقط اک ہی گھڑی ہے

ہمت کرو جینے کو تو اک عمر پڑی ہے

میو ہسپتال، لاہور

4، مارچ 82ء

٭٭٭






غزل

دربار میں اب سطوتِ شاہی کی علامت

درباں کا عصا ہے کہ مصنّف کا قلم ہے

آوارہ ہے پھر کوہِ ندا پر جو بشارت

تمہیدِ مسرت ہے کہ طولِ شبِ غم ہے

جس دھجی کو گلیوں میں لیے پھرتے ہیں طفلاں

یہ میرا گریباں ہے کہ لشکر کا علَم ہے

جس نور سے ہے شہر کی دیوار درخشاں

یہ خونِ شہیداں ہے کہ زر خانۂ جم ہے

حلقہ کیے بیٹھے رہو اک شمع کو یارو

کچھ روشنی باقی تو ہے ہر چند کہ کم ہے ٭٭٭






ہجر کی راکھ اور وصال کے پھول

آج پھر درد و غم کے دھاگے میں

ہم پرو کر ترے خیال کے پھول

ترکِ الفت کے دشت سے چن کر

آشنائی کے ماہ و سال کے پھول

تیری دہلیز پر سجا آئے

پھر تری یاد پر چڑھا آئے

باندھ کر آرزو کے پلے میں

ہجر کی راکھ اور وصال کے پھول

٭٭٭






یہ کس دیارِ عدم میں ۔ ۔ ۔

نہیں ہے یوں تو نہیں ہے کہ اب نہیں پیدا

کسی کے حسن میں شمشیرِ آفتاب کا حسن

نگاہ جس سے ملاؤ تو آنکھ دکھنے لگے

کسی ادا میں ادائے خرامِ بادِ صبا

جسے خیال میں لاؤ تو دل سلگنے لگے

نہیں ہے یوں تو نہیں ہے کہ اب نہیں باقی

جہاں میں بزمِ گہِ حسن و عشق کا میلا

بنائے لطف و محبت، رواجِ مہر و وفا

یہ کس دیارِ عدم میں مقیم ہیں ہم تم

جہاں پہ مژدۂ دیدارِ حسنِ یار تو کیا

نویدِ آمدِ روزِ جزا نہیں آتی

یہ کس خمار کدے میں ندیم ہیں ہم تم

جہاں پہ شورشِ رندانِ میگسار تو کیا

شکستِ شیشۂ دل کی صدا نہیں آتی

(ناتمام)

٭٭٭






نذرِ مولانا حسرت موہانی

مر جائیں گے ظالم کی حمایت نہ کریں گے

احرار کبھی ترکِ روایت نہ کریں گے

کیا کچھ نہ ملا ہے جو کبھی تجھ سے ملے گا

اب تیرے نہ ملنے کی شکایت نہ کریں گے

شب بیت گئی ہے تو گزر جائے گا دن بھی

ہر لحظہ جو گزری وہ حکایت نہ کریں گے

یہ فقر دلِ زار کا عوضانہ بہت ہے

شاہی نہیں مانگیں گے ولایت نہ کریں گے

ہم شیخ نہ لیڈر نہ مصاحب نہ صحافی

جو خود نہیں کرتے وہ ہدایت نہ کریں گے

٭٭٭






غزل

ہم مسافر یونہی مصروفِ سفر جائیں گے

بے نشاں ہو گئے جب شہر تو گھر جائیں گے

کس قدر ہو گا یہاں مہر و وفا کا ماتم

ہم تری یاد سے جس روز اتر جائیں گے

جوہری بند کیے جاتے ہیں بازارِ سخن

ہم کسے بیچنے الماس و گہر جائیں گے

نعمتِ زیست کا یہ قرض چکے گا کیسے

لاکھ گھبرا کے یہ کہتے رہیں، مر جائیں گے

شاید اپنا بھی کوئی بیت حُدی خواں بن کر

ساتھ جائے گا مرے یار جدھر جائیں گے

فیض آتے ہیں رہِ عشق میں جو سخت مقام

آنے والوں سے کہو ہم تو گزر جائیں گے

٭٭٭






غزل

جیسے ہم بزم ہیں پھر یارِ طرح دار سے ہم

رات ملتے رہے اپنے در و دیوار سے ہم

سر خوشی میں یونہی دل شاد و غزل خواں گزرے

کوئے قاتل سے کبھی کوچۂ دلدار سے ہم

کبھی منزل، کبھی رستے نے ہمیں ساتھ دیا

ہر قدم الجھے رہے قافلہ سالار سے ہم

ہم سے بے بہرہ ہوئی اب جرسِ گُل کی صدا

ورنہ واقف تھے ہر اِک رنگ کی جھنکار سے ہم

فیض جب چاہا جو کچھ چاہا سدا مانگ لیا

ہاتھ پھیلا کے دلِ بے زر و دینار سے ہم

٭٭٭






جو میرا تمہارا رشتہ ہے

میں کیا لکھوں کہ جو میرا تمہارا رشتہ ہے

وہ عاشقی کی زباں میں کہیں بھی درج نہیں

لکھا گیا ہے بہت لطفِ وصل و دردِ فراق

مگر یہ کیفیت اپنی رقم نہیں ہے کہیں

یہ اپنا عشق ہم آغوش جس میں ہجر و وصال

یہ اپنا درد کہ ہے کب سے ہمدمِ مہ و سال

اس عشقِ خاص کو ہر ایک سے چھپائے ہوئے

"گزر گیا ہے زمانہ گلے لگائے ہوئے"

٭٭٭






آج شب کوئی نہیں ہے

آج شب دل کے قریں کوئی نہیں ہے

آنکھ سے دور طلسمات کے در وا ہیں کئی

خواب در خواب محلّات کے در وا ہیں کئی

اور مکیں کوئی نہیں ہے،

آج شب دل کے قریں کوئی نہیں ہے

"کوئی نغمہ، کوئی خوشبو، کوئی کافر صورت"

کوئی امّید، کوئی آس مسافر صورت

کوئی غم، کوئی کسک، کوئی شک، کوئی یقیں

کوئی نہیں ہے

آج شب دل کے قریں کوئی نہیں ہے

تم اگر ہو، تو مرے پاس ہو یا دُور ہو تم

ہر گھڑی سایہ گرِ خاطرِ رنجور ہو تم

اور نہیں ہو تو کہیں۔۔ کوئی نہیں، کوئی نہیں ہے

آج شب دل کے قریں کوئی نہیں ہے

٭٭٭






٭٭٭

شام دھندلانے لگی اور مری تنہائی

دل میں پتھر کی طرح بیٹھ گئی

چاند ابھرنے لگا یک بار تری یاد کے ساتھ

زندگی مونس و غم خوار نظر آنے لگی

٭٭٭






٭٭٭

باقی ہے کوئی ساتھ تو بس ایک اُسی کا

پہلو میں لیے پھرتے ہیں جو درد کسی کا

اِک عمر سے اِس دھُن میں کہ ابھرے کوئی خورشید

بیٹھے ہیں سہارا لیے شمعِ سحری کا

٭٭٭






ترک شاعر ناظمِ حکمت کے افکار

جینے کے لیے مرنا

یہ کیسی سعادت ہے

مرنے کے لیے جینا

یہ کیسی حماقت ہے

۔۔۔۔۔۔

اکیلے جیو ایک شمشاد تن کی طرح

اور مل کر جیو

ایک بَن کی طرح

۔۔۔۔۔۔

ہم نے امّید کے سہارے پر

ٹوٹ کر یوں ہی زندگی کی ہے

جس طرح تم سے عاشقی کی ہے

۔۔۔۔۔۔

٭٭٭






اِدھر نہ دیکھو

اِدھر نہ دیکھو کہ جو بہادر

قلم کے یا تیغ کے دھنی تھے

جو عزم و ہمت کے مدعی تھے

اب ان کے ہاتھوں میں صدقِ ایماں کی

آزمودہ پرانی تلوار مڑ گئی ہے

جو کج کلہ صاحبِ حشم تھے

جو اہلِ دستار محترم تھے

ہوس کے پر پیچ راستوں میں

کلہ کسی نے گرو رکھ دی

کسی نے دستار بیچ دی ہے

اُدھر بھی دیکھو

جو اپنے رخشاں لہو کے دینار

مفت بازار میں لٹا کر

نظر سے اوجھل ہوئے

اور اپنی لحد میں اس وقت تک غنی ہیں،

اُدھر بھی دیکھو

جو حرفِ حق کی صلیب پر اپنا تن سجا کر

جہاں سے رخصت ہوئے

اور اہلِ جہاں میں اس وقت تک نبی ہیں

٭٭٭






٭٭٭

رفیقِ راہ تھی منزل ہر اِک تلاش کے بعد

چھُٹا یہ ساتھ تو رہ کی تلاش بھی نہ رہی

ملُول تھا دلِ آئنہ ہر خراش کے بعد

جو پاش پاش ہُوا اِک خراش بھی نہ رہی

٭٭٭






غزل

پھر آئنۂ عالم شاید کہ نکھر جائے

پھر اپنی نظر شاید تا حدِّ نظر جائے

صحرا پہ لگے پہرے اور قفل پڑے بن پر

اب شہر بدر ہو کر دیوانہ کدھر جائے

خاکِ رہِ جاناں پر کچھ خوں تھا گِرو اپنا

اس فصل میں ممکن ہے یہ قرض اتر جائے

دیکھ آئیں چلو ہم بھی جس بزم میں سنتے ہیں

جو خندہ بلب آئے وہ خاک بسر جائے

یا خوف سے در گزریں یا جاں سے گزر جائیں

مرنا ہے کہ جینا ہے اِک بات ٹھہر جائے

21، نومبر 1983ء

٭٭٭






غزل

پھول مسلے گئے فرشِ گلزار پر

رنگ چھڑکا گیا تختۂ دار پر

بزم برپا کرے جس کو منظور ہو

دعوتِ رقص، تلوار کی دھار پر

دعوتِ بیعتِ شہ پہ ملزم بنا

کوئی اقرار پر، کوئی انکار پر

(ناتمام)

23، فروری 1984ء

٭٭٭






غزل

بے بسی کا کوئی درماں نہیں کرنے دیتے

اب تو ویرانہ بھی ویراں نہیں کرنے دیتے

دل کو صد لخت کیا سینے کو صد پارہ کیا

اور ہمیں چاک گریباں نہیں کرنے دیتے

ان کو اسلام کے لٹ جانے کا ڈر اتنا ہے

اب وہ کافر کو مسلماں نہیں کرنے دیتے

دل میں وہ آگ فروزاں ہے عدو جس کا بیاں

کوئی مضموں کسی عنواں نہیں‌کرنے دیتے

جان باقی ہے تو کرنے کو بہت باقی ہے

اب وہ جو کچھ کہ مری جاں نہیں کرنے دیتے

30 اکتوبر، 1984ء

٭٭٭






غزل

بہت مِلا نہ مِلا، زندگی سے غم کیا ہے

متاعِ درد بہم ہے تو بیش و کم کیا ہے

ہم ایک عمر سے واقف ہیں، اب نہ سمجھاؤ

کہ لطف کیا ہے مرے مہرباں، ستم کیا ہے

کرے نہ جگ میں الاؤ تو شعر کس مصرف

کرے نہ شہر میں جل تھل تو چشمِ نم کیا ہے

لحاظ میں کوئی کچھ دور ساتھ چلتا ہے

وگرنہ دہر میں اب خضر کا بھرم کیا ہے

اجل کے ہاتھ کوئی آ رہا ہے پروانہ

نہ جانے آج کی فہرست میں رقم کیا ہے

سجاؤ بزم، غزل گاؤ، جام تازہ کرو

"بہت سہی غمِ گیتی، شراب کم کیا ہے"

نومبر، 1984ء

٭٭٭






شامِ غربت

دشت میں سوختہ سامانوں پہ رات آئی ہے

غم کے سنسان بیابانوں پہ رات آئی ہے

نورِ عرفان کے دیوانوں پہ رات آئی ہے

شمعِ ایمان کے پروانوں پہ رات آئی ہے

بیت شبیر پہ ظلمت کی گھٹا چھائی ہے

درد سا درد ہے تنہائی سی تنہائی ہے

ایسی تنہائی کہ پیارے نہیں دیکھے جاتے

آنکھ سے آنکھ کے تارے نہیں دیکھے جاتے

درد سے درد کے مارے نہیں دیکھے جاتے

ضعف سے چاند سارے نہیں دیکھے جاتے

ایسا سنّاٹا کہ شمشانوں کی یاد آتی ہے

دل دھڑکنے کی بہت دور صدا جاتی ہے

٭٭٭






نعت

اے تُو کہ ہست ہر دلِ محزوں سرائے تُو

آوردہ ام سرائے دِگر از برائے تُو

خواجہ بہ تخت بندۂ تشویشِ مُلک و مال

بر خاک رشکِ خسروِ دوراں گدائے تُو

آنجا قصیدہ خوانیِ لذّاتِ سیم و زر

اینجا فقط حدیثِ نشاطِ لقائے تُو

آتش فشاں ز قہر و ملامت زبانِ شیخ

از اشک تر ز دردِ غریباں ردائے تُو

باید کہ ظالمانِ جہاں را صدا کُند

روزے بسُوئے عدل و عنایت صَدائے تُو

٭٭٭






مرے دل مرے مسافر

دلِ من مسافرِ من

مرے دل، مرے مسافر

ہوا پھر سے حکم صادر

کہ وطن بدر ہوں ہم تم

دیں گلی گلی صدائیں

کریں رُخ نگر نگر کا

کہ سراغ کوئی پائیں

کسی یارِ نامہ بر کا

ہر اک اجنبی سے پوچھیں

جو پتا تھا اپنے گھر کا

سرِ کوۓ ناشنایاں

ہمیں دن سے رات کرنا

کبھی اِس سے بات کرنا

کبھی اُس سے بات کرنا

تمھیں کیا کہوں کہ کیا ہے

شبِ غم بُری بلا ہے

ہمیں یہ بھی تھا غنیمت

جو کوئی شمار ہوتا

ہمیں کیا برا تھا مرنا

اگر ایک بار ہوتا

لندن 1978ء

٭٭٭






پھول مرجھا گئے سارے

پھول مرجھا گئے ہیں سارے

تھمتے نہیں ہیں آسماں کے آنسو

شمعیں بے نور ہو گئی ہیں

آئینے چور ہو گئے ہیں

ساز سب بج کے کھو گئے ہیں

پایلیں بُجھ کے سو گئی ہیں

اور اُن بادلوں کے پیچھے

دور اِس رات کا دلارا

درد کا ستارا

ٹمٹما رہا ہے

جھنجھنا رہا ہے

مسکرا رہا ہے

لندن 1978ء

٭٭٭






کوئی عاشق کسی محبوبہ سے!

گلشنِ یاد میں گر آج دمِ بادِ صبا

پھر سے چاہے کہ گل افشاں ہو، تو ہو جانے دو

عمرِ رفتہ کے کسی طاق پہ بسرا ہوا درد

پھر سے چاہے کہ فروزاں ہو، تو ہو جانے دو

جیسے بیگانے سے اب ملتے ہو، ویسے ہی سہی

آؤ دو چار گھڑی میرے مقابل بیٹھو

گر چہ مل بیٹھیں گے ہم تم، تو ملاقات کے بعد

اپنا احساسِ زیاں اور زیادہ ہو گا

ہم سخن ہوں گے جو ہم دونوں، تو ہر بات کے بیچ

ان کہی بات کا موہوم سا پردہ ہو گا

کوئی اقرار نہ میں یاد دلاؤں گا، نہ تم

کوئ مضموں وفا کا، نہ جفا کا ہو گا

گرد ایّام کی تحریر کو دھونے کے لیے

تم سے گویا ہوں دمِ دید جو میری پلکیں

تم جو چاہو تو سنو، اور جو نہ چاہو، نہ سنو

اور جو حرف کریں مجھ سے گریزاں آنکھیں

تم جو چاہو تو کہو اور جو نہ چاہو نہ کہو

لندن 1978ء

٭٭٭






دو غزلیں

مخدوم کی یاد میں

(1)

"آپ کی یاد آتی رہی رات بھر"

چاندنی دل دکھاتی رہی رات بھر

گاہ جلتی ہوئی، گاہ بجھتی ہوئی

شمعِ غم جھلملاتی رہی رات بھر

کوئی خوشبو بدلتی رہی پیرہن

کوئی تصویر گاتی رہی رات بھر

پھر صبا سایۂ شاخِ گُل کے تلے

کوئی قِصہ سناتی رہی رات بھر

جو نہ آیا اسے کوئی زنجیرِ در

ہر صدا پر بلاتی رہی رات بھر

ایک امید سے دل بہلتا رہا

اک تمنا ستاتی رہی رات بھر

ماسکو، ستمبر 1978ء

٭٭

(2)

"اسی انداز سے چل بادِ صبا آخرِ شب"

یاد کا پھر کوئی دروازہ کھُلا آخرِ شب

دل میں بکھری کوئی خوشبوئے قبا آخرِ شب

صبح پھوٹی تو وہ پہلو سے اُٹھا آخرِ شب

وہ جو اِک عمر سے آیا نہ گیا آخرِ شب

چاند سے ماند ستاروں نے کہا آخرِ شب

کون کرتا ہے وفا، عہدِ وفا آخرِ شب

لمسِ جانانہ لیے، مستیِ پیمانہ لیے

حمدِ باری کو اٹھے دستِ دعا آخرِ شب

گھر جو ویراں تھا سرِ شام وہ کیسے کیسے

فرقتِ یاد نے آباد کیا آخرِ شب

جس ادا سے کوئی آیا تھا کبھی اولِ شب

"اسی انداز سے چل بادِ صبا آخرِ شب"

ماسکو اکتوبر، 1978ء

٭٭٭






ایک دکّنی غزل

کچھ پہلے اِن آنکھوں آگے کیا کیا نہ نظارا گزرے تھا

کیا روشن ہو جاتی تھی گلی جب یار ہمارا گزرے تھا

تھے کتنے اچھے لوگ کہ جن کو اپنے غم سے فرصت تھی

سب پو چھیں تھے احوال جو کوئی درد کا مارا گزرے تھا

اب کے خزاں ایسی ٹھہری وہ سارے زمانے بھول گئے

جب موسمِ گُل ہر پھیرے میں آ آ کے دو بارا گزرے تھا

تھی یاروں کی بہتات تو ہم اغیار سے بھی بیزار نہ تھے

جب مل بیٹھے تو دشمن کا بھی ساتھ گوارا گزرے تھا

اب تو ہاتھ سجھائی نہ دیوے، لیکن اب سے پہلے تو

آنکھ اٹھتے ہی ایک نظر میں عالمَ سارا گزرے تھا

ماسکو اکتوبر 1978ء

٭٭٭






منظر

آسماں آج اِک بحرِ پُر شور ہے

جس میں ہر سُو رواں بادلوں کے جہاز

ان کے عرشے پہ کرنوں کے مستول ہیں

بادبانوں کی پہنے ہوئے فرغلیں

نیل میں گنبدوں کے جزیرے کئی

ایک بازی میں مصروف ہے ہر کوئی

ابابیل کوئی نہاتی ہوئی

کوئی چیل غوطے میں جاتی ہوئی

کوئی طاقت نہیں اس میں زور آزما

کوئی بیڑا نہیں ہے کسی ملک کا

اِس کی تہ میں کوئی آبدوزیں نہیں

کوئی راکٹ نہیں، کوئی توپیں نہیں

یوں تو سارے عناصر ہیں یاں زور میں

امن کتنا ہے اِس بحرِ پُر شور میں

سمرقند، مارچ 1978ء

٭٭٭






دو نظمیں

قفقار کے شاعر قاسن علی سے ماخوذ

(۱)

ہر اک دور میں ہر زمانے میں ہم

زہر پیتے رہے، گیت گاتے رہے

جان دیتے رہے زندگی کے لیے

ساعتِ وصل کی سرخوشی کے لیے

فقر و فاقہ کا توشہ سنبھالے ہوئے

جو بھی رستہ چنا اس پہ چلتے رہے

مال والے حقارت سے تکتے رہے

طعن کرتے رہے ہاتھ ملتے رہے

ہم نے اُن پر کیا حرفِ حق سنگ زن

جن کی ہیبت سے دنیا لرزتی رہی

جن پہ آنسو بہانے کو کوئی نہ تھا

اپنی آنکھ ان کے غم میں برستی رہی

سب سے اوجھل ہوئے حکمِ حاکم پہ ہم

قید خانے سہے، تازیانے سہے

لوگ سنتے رہے سازِ دل کی صدا

اپنے نغمے سلاخوں سے چھَنتے رہے

خونچکاں دہر کا خونچکاں آئینہ

دکھ بھری خلق کا دکھ بھرا دل ہیں ہم

طبعِ شاعر ہے جنگاہِ عدل و ستم

منصفِ خیر و شر، حق و باطل ہیں ہم

٭٭

(۲)

شوپیں* کا نغمہ بجتا ہے

چھلنی ہے اندھیرے کا سینہ، برکھا کے بھالے برسے ہیں

دیواروں کے آنسو ہیں رواں، گھر خاموشی میں ڈوبے ہیں

پانی میں نہائے ہیں بوٹے

گلیوں میں ہُو کا پھیرا ہے

شوپیں کا نغمہ بجتا ہے

اِک غمگیں لڑکی کے چہرے پر چاند کی زردی چھائی ہے

جو برف گری تھی اِس پہ لہو کے چھینٹوں کی رُشنائی ہے

خوں کا ہر داغ دمکتا ہے

شوپیں کا نغمہ بجتا ہے

کچھ آزادی کے متوالے ، جاں کف پہ لیے میداں میں گئے

ہر سُو دشمن کا نرغہ تھا، کچھ بچ نکلے، کچھ کھیت رہے

عالم میں اُن کا شہرہ ہے

شوپیں کا نغمہ بجتا ہے

اِک کونج کو سکھیاں چھوڑ گئیں آکاش کی نیلی راہوں میں

وہ یاد میں تنہا روتی تھی، لپٹائے اپنی باہوں میں

اِک شاہیں اس پر جھپٹا ہے

شوپیں کا نغمہ بجتا ہے

غم نے سانچے میں ڈھالا ہے

اِک باپ کے پتھر چہرے کو

مردہ بیٹے کے ماتھے کو

اِک ماں نے رو کر چوما ہے

شوپیں کا نغمہ بجتا ہے

پھر پھولوں کی رُت لوٹ آئی

اور چاہنے والوں کی گردن میں جھولے ڈالے باہوں نے

پھر جھرنے ناچے چھن چھن چھن

اب بادل ہے نہ برکھا ہے

شوپیں کا نغمہ بجتا ہے

ماسکو 1979ء

-------------------------

* شوپیں Chopin پولینڈ کا ممتاز نغمہ ساز

٭٭٭






لاؤ تو قتل نامہ مرا

سننے کو بھیڑ ہے سرِ محشر لگی ہوئی

تہمت تمہارے عشق کی ہم پر لگی ہوئی

رندوں کے دم سے آتش مے کے بغیر بھی

ہے میکدے میں آگ برابر لگی ہوئی

آباد کر کے شہرِ خموشاں ہر ایک سو

کس کھوج میں ہے تیغِ ستمگر لگی ہوئی

آخر کو آج اپنے لہو پر ہوئی تمام

بازی میانِ قاتل و خنجر لگی ہوئی

"لاؤ تو قتل نامہ مرا میں بھی دیکھ لوں

کس کس کی مہر ہے سرِ محضر لگی ہوئی"

٭٭٭






غزل

سہل یوں راہِ زندگی کی ہے

ہر قدم ہم نے عاشقی کی ہے

ہم نے دل میں سجا لیے گلشن

جب بہاروں نے بے رُخی کی ہے

زہر سے دھو لیے ہیں ہونٹ اپنے

لطفِ ساقی نے جب کمی کی ہے

تیرے کوچے میں بادشاہی کی

جب سے نکلے گداگری کی ہے

بس وہی سرخرو ہوا جس نے

بحرِ خوں میں شناوری کی ہے

"جو گزرتے تھے داغ پر صدمے"

اب وہی کیفیت سبھی کی ہے

لندن 1979ء

٭٭٭






تین آوازیں

ظالم

جشن ہے ماتمِ امّید کا آؤ لوگو

مرگِ انبوہ کا تہوار مناؤ لوگو

عدم آباد کو آباد کیا ہے میں نے

تم کو دن رات سے آزاد کیا ہے میں نے

جلوۂ صبح سے کیا مانگتے ہو

بسترِ خواب سے کیا چاہتے ہو

ساری آنکھوں کو تہِ تیغ کیا ہے میں نے

سارے خوابوں کا گلا گھونٹ دیا ہے میں نے

اب نہ لہکے گی کسی شاخ پہ پھولوں کی حنا

فصلِ گُل آئے گی نمرود کے انگار لیے

اب نہ برسات میں برسے گی گہر کی برکھا

ابر آئے گا خس و خار کے انبار لیے

میرا مسلک بھی نیا راہِ طریقت بھی نئی

میرے قانوں بھی نئے میری شریعت بھی نئی

اب فقیہانِ حرم دستِ صنم چومیں گے

سرو قد مٹی کے بونوں کے قدم چومیں گے

فرش پر آج درِ صدق و صفا بند ہوا

عرش پر آج ہر اِک بابِ دعا بند ہوا

٭٭٭

مظلوم

رات چھائی تو ہر اک درد کے دھارے چھوٹے

صبح پھوٹی تو ہر اک زخم کے ٹانکے ٹوٹے

دوپہر آئی تو ہر رگ نے لہو برسایا

دن ڈھلا، خوف کا عفریت مقابل آیا

یا خدا یہ مری گردانِ شب و روز و سحر

یہ مری عمر کا بے منزل و آرام سفر

کیا یہی کچھ مری قسمت میں لکھا ہے تو نے

ہر مسرت سے مجھے عاق کیا ہے تو نے

وہ یہ کہتے ہیں تو خوشنود ہر اک ظلم سے ہے

وہ یہ کہتے ہیں ہر اک ظلم ترے حکم سے ہے

گر یہ سچ ہے تو ترے عدل سے انکار کروں؟

ان کی مانوں کہ تری ذات کا اقرار کروں؟

٭٭٭

ندائے غیب

ہر اِک اُولی الامر کو صدا دو

کہ اپنی فردِ عمل سنبھالے

اُٹھے گا جب جَمِّ سرفروشاں

پڑیں گے دارو رَسن کے لالے

کوئی نہ ہوگا کہ جو بچا لے

جزا سزا سب یہیں پہ ہوگی

یہیں عذاب و ثواب ہوگا

یہیں سے اُٹھے گا شورِ محشر

یہیں پہ روزِ حساب ہوگا

سمرقند، مئی 79

٭٭٭






یہ ماتمِ وقت کی گھڑی ہے

ٹھہر گئی آسماں کی ندیا

وہ جا لگی افق کنارے

اداس رنگوں کی چاندنیّا

اتر گئے ساحلِ زمیں پر

سبھی کھویّا

تمام تارے

اکھڑ گئی سانس پتیوں کی

چلی گئیں اونگھ میں ہوائیں

گجر بچا حکمِ خامشی کا

تو چپ میں گم ہو گئی صدائیں

سحر کی گوری کی چھاتیوں سے

ڈھلک گئی تیرگی کی چادر

اور اس بجائے

بکھر گئے اس کے تن بدن پر

نراس تنہائیوں کے سائے

اور اس کو کچھ بھی خبر نہیں ہے

کسی کو کچھ بھی خبر نہیں ہے

کہ دن ڈھلے شہر سے نکل کر

کدھر کو جانے کا رخ کیا تھا

نہ کوئی جادہ، نہ کوئی منزل

کسی مسافر کو اب دماغِ سفر نہیں ہے

یہ وقت زنجیرِ روز و شب کی

کہیں سے ٹوٹی ہوئی کڑی ہے

یہ ماتمِ وقت کی گھڑی ہے

یہ وقت آئے تو بے ارادہ

کبھی کبھی میں بھی دیکھتا ہوں

اتار کر ذات کا لبادہ

کہیں سیاہی ملامتوں کی

کہیں پہ گل بوٹے الفتوں کے

کہیں لکیریں ہیں آنسوؤں کی

کہیں پہ خونِ جگر کے دھبّے

یہ چاک ہے پنجۂ عدو کا

یہ مہر ہے یارِ مہرباں کی

یہ لعل لب ہائے مہوشاں کے

یہ مرحمت شیخِ بد زباں کی

یہ جامۂ روز و شب گزیدہ

مجھے یہ پیراہن دریدہ

عزیز بھی، ناپسند بھی ہے

کبھی یہ فرمانِ جوشِ وحشت

کہ نوچ کر اس کو پھینک ڈالو

کبھی یہ حرفِ اصرارِ الفت

کہ چوم کر پھر گلے لگا لو

تاشقند، 1979ء

٭٭٭






ہم تو مجبورِ وفا ہیں

تجھ کو کتنوں کا لہو چاہیے اے ارضِ وطن

جو ترے عارضِ بے رنگ کو گلنار کرے

کتنی آہوں سے کلیجہ ترا ٹھنڈا ہو گا

کتنے آنسو ترے صحراؤں کو گلزار کریں

تیرے ایوانوں میں پرزے ہوے پیماں کتنے

کتنے وعدے جو نہ آسودۂ اقرار ہوے

کتنی آنکھوں کو نظر کھا گئی بد خواہوں کی

خواب کتنے تری شاہراہوں میں سنگسار ہوے

"بلا کشانِ محبت پہ جو ہوا سو ہوا

جو مجھ پہ گزری مت اس سے کہو، ہوا سو ہوا

مبادا ہو کوئی ظالم ترا گریباں گیر

لہو کے داغ تو دامن سے دھو، ہوا سو ہوا" ×

ہم تو مجبورِ وفا ہیں مگر اے جانِ جہاں

اپنے عشّاق سے ایسے بھی کوئی کرتا ہے

تیری محفل کو خدا رکھے ابد تک قائم

ہم تو مہماں ہیں گھڑی بھر کے، ہمارا کیا ہے

نوٹ: × یہ دو اشعار مرزا رفیع سودا کے ہیں۔

٭٭٭






غزل

سبھی کچھ ہے تیرا دیا ہوا، سبھی راحتیں، سبھی کلفتیں

کبھی صحبتیں، کبھی فرقتیں، کبھی دوریاں، کبھی قربتیں

یہ سخن جو ہم نے رقم کیے، یہ ہیں سب ورق تری یاد کے

کوئی لمحہ صبحِ وصال کا، کئی شامِ ہجر کی مدّتیں

جو تمہاری مان لیں ناصحا، تو رہے گا دامنِ دل میں کیا

نہ کسی عدو کی عداوتیں، نہ کسی صنم کی مروّتیں

چلو آؤ تم کو دکھائیں ہم، جو بچا ہے مقتلِ شہر میں

یہ مزار اہلِ صفا کے ہیں، یہ ہیں اہلِ صدق کی تربتیں

مری جان آج کا غم نہ کر، کہ نہ جانے کاتبِ وقت نے

کسی اپنے کل میں بھی بھول کر، کہیں لکھ رکھی ہوں مسرّتیں

بیروت 1979ء

٭٭٭






٭٭٭

مقتل میں نہ مسجد میں نہ خرابات میں کوئی

ہم کس کی امانت میں غمِ کارِ جہاں دیں

شاید کوئی ان میں سے کفن پھاڑ کے نکلے

اب جائیں شہیدوں کے مزاروں پہ اذاں دیں

بیروت 1979

٭٭٭






پیرس

دن ڈھلا کوچہ و بازار میں صف بستہ ہوئیں

زرد رُو روشنیاں

ان میں ہر ایک کے کشکول سے برسیں رم جھم

اس بھرے شہر کی ناسودگیاں

دور پس منظرِ افلاک میں دھندلانے لگے

عظمتِ رفتہ کے نشاں

پیش منظر میں

کسی سایۂ دیوار سے لپٹا ہوا سایہ کوئی

دوسرے سائے کی موہوم سی امید لیے

روزمرہ کی طرح

زیرِ لب

شرحِ بے دردیِ ایّام کی تمہید لیے

اور کوئی اجنبی

ان روشنیوں سایوں سے کتراتا ہوا

اپنے بے خواب شبستاں کی طرف جاتا ہوا

پیرس ، اگست 1979

٭٭٭






قوّالی

جلا پھر صبر کا خرمن، پھر آہوں کا دھواں اٹھّا

ہوا پھر نذرِ صرصر ہر نشیمن کا ہر اِک تنکا

ہوئی پھر صبحِ ماتم آنسوؤں سے بھر گئے دریا

چلا پھر سوئے گردوں کاروانِ نالۂ شب ہا

ہر اِک جانب فضا میں پھر مچا کہرامِ یارب ہا

امڈ آئی کہیں سے پھر گھٹا وحشی زمانوں کی

فضا میں بجلیاں لہرائیں پھر سے تازیانوں کی

قلم ہونے لگی گردن قلم کے پاسبانوں کی

کھلا نیلام ذہنوں کا، لگی بولی زبانوں کی

لہو دینے لگا ہر اِک دہن میں بخیہِ لب ہا

چلا پھر سوئے گردوں کاروانِ نالۂ شب ہا

ستم کی آگ کا ایندھن بنے دل پھر سے، دادلہا!

یہ تیرے سادہ دل بندے کدھر جائیں خداوندا

بنا پھرتا ہے ہر اِک مدّعی پیغام بر تیرا

ہر اِک بت کو صنم خانے میں دعویٰ ہے خدائی کا

خدا محفوظ رکھے از خداوندانِ مذہب ہا

چلا پھر سوئے گردوں کاروانِ نالۂ شب ہا

بیروت 1979ء

٭٭٭






کیا کریں

مری تری نگاہ میں

جو لاکھ انتظار ہیں

جو میرے تیرے تن بدن میں

لاکھ دل فگار ہیں

جو میری تیری انگلیوں کی بے حسی سے

سب قلم نزار ہیں

جو میرے تیرے شہر کی

ہر اک گلی میں

میرے تیرے نقش ِ پا کے بے نشاں مزار ہیں

جو میری تیری رات کے

ستارے زخم زخم ہیں

جو میری تیری صبح کے

گلاب چاک چاک ہیں

یہ زخم سارے بے دوا

یہ چاک سارے بے رفو

کسی پہ راکھ چاند کی

کسی پہ اوس کا لہو

یہ ہے بھی یا نہیں، بتا

یہ ہے، کہ محض جال ہے

مرے تمہارے عنکبوتِ وہم کا بُنا ہوا

جو ہے تو اس کا کیا کریں

نہیں ہے تو بھی کیا کریں

بتا ، بتا ،

بتا ، بتا

بیروت 1980ء

٭٭٭






فلسطینی شہدا جو پردیس میں کام آئے

(ا)

میں جہاں پر بھی گیا ارضِ وطن

تیری تذلیل کے داغوں کی جلن دل میں لیے

تیری حرمت کے چراغوں کی لگن دل میں لیے

تیری الفت، تری یادوں کی کسک ساتھ گئی

تیرے نارنج شگوفوں کی مہک ساتھ گئی

سارے اَن دیکھے رفیقوں کا جِلو ساتھ رہا

کتنے ہاتھوں سے ہم آغوش مرا ہاتھ رہا

دور پردیس کی بے مہر گذر گاہوں میں

اجنبی شہر کی بے نام و نشاں راہوں میں

جس زمیں پر بھی کھُلا میرے لہو کا پرچم

لہلہاتا ہے وہاں ارضِ فلسطیں کا عَلَم

تیرے اعدا نے کیا ایک فلسطیں برباد

میرے زخموں نے کیے کتنے فلسطیں آباد

بیروت 1980 ء

٭٭٭






فلسطینی بچے کے لیے لوری

(۲)

مت رو بچے

رو رو کے ابھی

تیری امی کی آنکھ لگی ہے

مت رو بچے

کچھ ہی پہلے

تیرے ابا نے

اپنے غم سے رخصت لی ہے

مت رو بچے

تیرا بھائی

اپنے خواب کی تتلی پیچھے

دور کہیں پردیس گیا ہے

مت رو بچے

تیری باجی کا

ڈولا پرائے دیس گیا ہے

مت رو بچے

تیرے آنگن میں

مردہ سورج نہلا کے گئے ہیں

چندرما دفنا کے گئے ہیں

مت رو بچے

امی، ابا، باجی، بھائی

چاند اور سورج

تو گر روئے گا تو یہ سب

اور بھی تجھ کو رلوائیں گے

تو مسکائے گا تو شاید

سارے اک دن بھیس بدل کر

تجھ سے کھیلنے لوٹ آئیں گے

بیروت 1980ء

٭٭٭






نذرِ حافظ

ناصحم گفت بجز غم چہ ہنر دارد عشق

بر وائے خواجۂ عاقلِ ہنرِ بہتر ازیں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قندِ دہن، کچھ اس سے زیادہ

لطفِ سخن، کچھ اس سے زیادہ

فصلِ خزاں میں لطفِ بہاراں

برگِ سمن کچھ اس سے زیادہ

حالِ چمن پر تلخ نوائی

مرغِ چمن، کچھ اس سے زیادہ

دل شکنی بھی، دلداری بھی

یادِ وطن، کچھ اس سے زیادہ

شمعِ بدن فانوسِ قبا میں

خوبیِ تن، کچھ اس سے زیادہ

عشق میں کیا ہے غم کے علاوہ

خواجۂ من، کچھ اس سے زیادہ

بیروت 1980ء

٭٭٭






میرے ملنے والے

وہ در کھلا میرے غمکدے کا

وہ آ گئے میرے ملنے والے

وہ آ گئی شام، اپنی راہوں میں

فرشِ افسردگی بچھانے

وہ آ گئی رات چاند تاروں کو

اپنی آزردگی سنانے

وہ صبح آئی دمکتے نشتر سے

یاد کے زخم کو منانے

وہ دوپہر آئی آستیں میں

چھپائے شعلوں کے تازیانے

یہ آئے سب میرے ملنے والے

کہ جن سے دن رات واسطا ہے

پہ کون کب آیا، کب گیا ہے

نگاہ و دل کو خبر کہاں ہے

خیال سوئے وطن رواں ہے

سمندروں کی ایال تھامے

ہزار وہم و گماں سنبھالے

کئی طرح کے سوال تھامے

بیروت 1980ء

٭٭٭






گاؤں کی سڑک

یہ دیس مفلس و نادار کج کلاہوں کا

یہ دیس بے زر و دینار بادشاہوں کا

کہ جس کی خاک میں قدرت ہے کیمیائی کی

یہ نائبانِ خداوندِ ارض کا مسکن

یہ نیک پاک بزرگوں کی روح کا مدفن

جہاں پہ چاند ستاروں نے جبّہ سائی کی

نہ جانے کتنے زمانوں سے اس کا ہر رستہ

مثالِ خانۂ بے خانماں تھا در بستہ

خوشا کہ آج بفضلِ خدا وہ دن آیا

کہ دستِ غیب نے اس گھر کی در کشائی کی

چنے گئے ہیں سبھی خار اس کی راہوں سے

سنی گئی ہے بالآخر برہنہ پائی کی

بیروت 1980ء

٭٭٭






غزل

اب کے برس دستورِستم میں کیا کیا باب ایزاد ہوئے

جو قاتل تھے مقتول ہوئے، جو صید تھے اب صیّاد ہوئے

پہلے بھی خزاں میں باغ اجڑے پر یوں نہیں جیسے اب کے برس

سارے بوٹے پتہ پتہ روش روش برباد ہوئے

پہلے بھی طوافِ شمعِ وفا تھی، رسم محبت والوں کی

ہم تم سے پہلے بھی یہاں منصور ہوئے، فرہاد ہوئے

اک گل کے مرجھانے پر کیا گلشن میں کہرام مچا

اک چہرہ کمھلا جانے سے کتنے دل ناشاد ہوئے

فیض، نہ ہم یوسف نہ کوئی یعقوب جو ہم کو یاد کرے×

اپنی کیا، کنعاں میں رہے یا مصر میں‌ جا آباد ہوئے

× غنی روزِ سیاہ پیرِ کنعاں را تماشا کن

کہ نورِ دیدہ اش روشن کند چشمِ زلیخا را

٭٭٭






غزل

غم بہ دل، شکر بہ لب، مست و غزل خواں چلیے

جب تلک ساتھ ترے عمرِ گریزاں چلیے

رحمتِ حق سے جو اس سَمت کبھی راہ ملے

سوئے جنّت بھی براہِ رہِ جاناں چلیے

نذر مانگے جو گلستاں سے خداوندِ جہاں

ساغرِ مے میں لیے خونِ بہاراں چلیے

جب ستانے لگے بے رنگیِ دیوارِ جہاں

نقش کرنے کوئی تصویرِ حسیناں چلیے

کچھ بھی ہو آئینۂ دل کو مصفّا رکھیے

جو بھی گزرے، مثلِ خسروِ دوراں چلیے

امتحاں جب بھی ہو منظور جگر داروں کا

محفلِ یار میں ہمراہِ رقیباں چلیے

٭٭٭






غزل

وہ بُتوں نے ڈالے ہیں وسوسے کہ دلوں سے خوفِ خدا گیا

وہ پڑی ہیں روز قیامتیں کہ خیالِ روزِ جزا گیا

جو نفس تھا خارِ گلُو بنا، جو اُٹھے تھے ہاتھ لہُو ہوئے

وہ نَشاطِ آہِ سحر گئی، وہ وقارِ دستِ دُعا گیا

نہ وہ رنگ فصلِ بہار کا نہ روش وہ ابرِ بہار کی

جس ادا سے یار تھے آشنا وہ مزاجِ بادِ صبا گیا

جو طلب پہ عہدِ وفا کیا، تو وہ آبروئے وفا گئی

سرِ عام جب ہوئے مُدّعی، تو ثوابِ صدق و صفا گیا

ابھی بادبان کو تہ رکھو ابھی مضطرب ہے رخِ ہوا

کسی راستے میں ہے منتظر وہ سکوں جو آ کے چلا گیا ٭٭٭






غزل

ستم سکھلائے گا رسمِ وفا، ایسے نہیں ہوتا

صنم دکھلائیں گے راہِ خدا ایسے نہیں ہوتا

گنو سب حسرتیں جو خوں ہوئی ہیں تن کے مقتل میں

مرے قاتل حسابِ خوں بہا ایسے نہیں ہوتا

جہانِ دل میں کام آتی ہیں تدبیریں نہ تعزیریں

یہاں پیمانِ تسلیم و رضا ایسے نہیں ہوتا

ہر اک شب، ہر گھڑی گزرے قیامت یوں تو ہوتا ہے

مگر ہر صبح ہو روزِ جزا ایسے نہیں ہوتا

رواں ہے نبضِ دوراں، گردشوں میں آسماں سارے

جو تم کہتے ہو سب کچھ ہو چکا ایسے نہیں ہوتا

٭٭٭






٭٭٭

اپنے انعامِ حسن کے بدلے

ہم تہی دامنوں سے کیا لینا

آج فرقت زدوں پہ لطف کرو

پھر کبھی صبر آزما لینا

٭٭٭






گیت

جلنے لگیں یادوں کی چتائیں

آؤ کوئی بَیت بنائیں

جن کی رہ تکتے تکے جُگ بیتے

چاہے وہ آئیں یا نہیں آئیں

آنکھیں موند کے نِت پل دیکھیں

آنکھوں میں اُن کی پرچھائیں

اپنے دردوں کا مُکٹ پہن کر

بے دردوں کے سامنے جائیں

جب رونا آوے مسکائیں

جب دل ٹوٹے دیپ جلائیں

پریم کتھا کا انت نہ کوئی

کتنی بار اسے دھرائیں

پریت کی ریت انوکھی ساجن

کچھ نہیں مانگیں، سب کچھ پائیں

فیض اُن سے کیا بات چھپی ہے

ہم کچھ کہہ کر کیوں پچھتائیں

٭٭٭






٭٭٭

اٹھ اُتاں نوں جٹّا

مردا کیوں جائیں

بھولیا! تُوں جگ دا ان داتا

تیری باندی دھرتی ماتا

توں جگ دا پالن ہار

تے مردا کیوں جائیں

اٹھ اُتاں نوں جٹّا

مردا کیوں جائیں

جرنل، کرنل، صوبیدار

ڈپٹی، ڈی سی، تھانیدار

سارے تیرا دتّا کھاون

توں جے نہ بیجیں، توں جے نہ گاہویں

بھُکھّے، بھانے سب مر جاون

ایہہ چاکر توں سرکار

مردا کیوں جائیں

اٹھ اُتاں نوں جٹّا

مردا کیوں جائیں

وچ کچہری، چونکی تھانے

کیہہ اَن بھول تے کیہہ سیانے

کیہہ اشراف تے کیہہ نمانے

سارے کھجّل خوار

مردا کیوں جائیں

اٹھ اُتاں نوں جٹّا

ایکا کر لئو، ہو جاؤ کٹھّے

بھُل جاؤ رانگڑ، چیمے چٹھے

سبھے دا اِک پریوار

مردا کیوں جائیں

جے چڑھ آون فوجاں والے

توں وی چھَویاں لمب کرا لے

تیرا حق، تری تلوار

تے مردا کیوں جائیں

دے اللہ ہُو دی مار

تے مردا کیوں جائیں

٭٭٭






ایک نغمہ

(تارکینِ وطن کے لیے)

"وطنے دیاں ٹھنڈیاں چھائیں او یار

ٹِک رہو تھائیں او یار"

روزی دیوے گا سائیں او یار

ٹِک رہو تھائیں او یار

ہیر نوں چھَڈ ٹر گیوں رنجھیٹے

کھیڑیاں دے گھر پاے گئے ہاسے

کانگ اڈاون ماواں بھیناں

ترلے پاون لکھ ہزاراں

پِنڈ وچ کڈی ٹوہر شریکاں

یاراں دے ڈھے پئے منڈاسے

ویراں دیاں ٹُٹ گئیاں بائیں

او یار

ٹِک رو تھائیں او یار

روزی دیوے گا سائیں

کانگ اُڈاون ماواں بھیناں

ترلے پاون لکھ ہزاراں

خیر مناون سنگی ساتھی

چرخے اولے روون مٹیاراں

ہاڑاں دردیاں سُنجیاں رائیں

او یار

ٹِک رو تھائیں او یار

وطنے دیاں ٹھنڈیاں چھائیں

چھڈ غیراں دے محل چو محلے

اپنے ویہڑے دی رِیس نہ کائی

اپنی جھوک دیاں ستّے خیراں

بیبا تُس نے قدر نہ پائی

موڑ مہاراں

تے آ گھر باراں

مُڑ آ کے مول نہ جائیں

او یار

ٹِک رو تھائیں او یار

٭٭٭

مآخذ:

http://www.urduweb.org/mehfil/threads/سرِ-وادیِ-سینا-از-فیض-احمد-فیض.49384/


0.0 " 0 "ووٹ وصول ہوئے۔ 

تبصرہ تحریر کریں۔:

اِس تحریر پر کوئی تبصرہ موجود نہیں۔

مجموعے

سرفراز صدیقی سوشل میڈیا پر

منجانب:سرفراز صدیقی۔ صفحات کو بنانے والے: زبیر ذیشان ۔